بہار میں انتخابات شفاف ہوتے تو بی ایس پی مزید سیٹیں جیتتی: مایاوتی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 16-11-2025
بہار میں انتخابات شفاف ہوتے تو بی ایس پی مزید سیٹیں جیتتی: مایاوتی
بہار میں انتخابات شفاف ہوتے تو بی ایس پی مزید سیٹیں جیتتی: مایاوتی

 



لکھنؤ:بہوجن سماج پارٹی (بسپا) کی صدر اور اتر پردیش کی سابق وزیر اعلیٰ مایاوتی نے بہار انتخابات کی شفافیت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر انتخابات مکمل طور پر آزاد اور شفاف ہوتے تو بسپا اور بھی سیٹیں جیتتی۔ بہار اسمبلی انتخابات میں کل 243 سیٹوں میں بسپا کو صرف ایک سیٹ پر کامیابی ملی ہے۔

بسپا کی سربراہ مایاؤتی نے ایکس پر لکھا: میں بہار اسمبلی کے حالیہ انتخابات میں کیمور ضلع کی رام گڑھ اسمبلی سیٹ پر بسپا کے امیدوار ستیش کمار سنگھ یادو کی جیت کے لیے پارٹی کے تمام ارکان کو مبارکباد دیتی ہوں اور ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ وہاں کے انتظامیہ اور تمام مخالف جماعتوں نے ووٹوں کی گنتی بار بار کرانے کے بہانے بسپا کے امیدوار کو ہرانے کی پوری کوشش کی، لیکن پارٹی کے بہادر کارکنوں کے مستقل محنت اور ڈٹے رہنے کی وجہ سے مخالفین کی یہ سازش کامیاب نہیں ہو سکی۔

انہوں نے کہا کہ بہار کے اس علاقے کی دیگر سیٹوں پر مخالفین کو سخت مقابلہ دینے کے باوجود بسپا کے امیدوار انتخابات نہیں جیت سکے، جبکہ اگر انتخابات مکمل طور پر آزاد اور شفاف ہوتے تو عوام کی رائے کے مطابق بسپا اور بھی کئی سیٹیں جیتتی۔ مایاوتی نے کہا کہ ایسا ممکن نہیں ہو سکا۔ انہوں نے اپنی پارٹی کے کارکنوں سے کہا کہ وہ گھبرائیں نہیں اور آئندہ زیادہ تیاری کے ساتھ کام کریں۔

بہار میں حکمران قومی جمہوری اتحاد (NDA) نے جمعہ کو بہار کی 243 رکن اسمبلی کے انتخابات میں 202 سیٹیں جیت کر شاندار کامیابی حاصل کی۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) 89 سیٹیں جیت کر سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری، جبکہ جنتا دل یونائیٹڈ نے 85 سیٹیں جیتیں۔ مرکزی وزیر چیراغ پاسوان کی قیادت والی لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) کو 19 سیٹیں ملیں۔