لکھنؤ: بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی قومی صدر اور اتر پردیش کی سابق وزیراعلیٰ مایاوتی نے آج اتوار کو لکھنؤ میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کے ساتھ ایک اہم میٹنگ کی۔ اس ملاقات میں مایاوتی نے پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور زمینی سطح پر عوامی حمایت کو بڑھانے کے لیے ضلع سے لے کر بوتھ سطح تک کی کمیٹیوں کی تشکیل کے جاری مہم کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر مایاوتی نے عالمی سطح پر درپیش اقتصادی چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ: "امریکہ کی طرف سے تھوپے گئے 50 فیصد ٹرمپ ٹیرف کے بھاری بوجھ نے نئی پریشان کن صورتِ حال پیدا کر دی ہے، جس سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کے لیے خاص طور پر بھارت اور حکمراں جماعت بی جے پی کو عوامی و قومی مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے اپنی پالیسیوں اور پروگراموں میں ٹھوس اصلاحات لانا ہوں گی۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایسا نہ کیا گیا تو ملک کے غریب، مہنگائی کے شکار، بے روزگار، ناخواندہ اور اپنے گھروں سے ہجرت پر مجبور کروڑوں بہوجن عوام کی مشکلات مزید بڑھ جائیں گی، جو بھارت کے عالمی وقار کو بھی متاثر کر سکتی ہیں۔ مایاوتی نے یوپی سمیت دیگر ریاستوں میں مذہبی مقامات، سنتوں، گروؤں اور مہان شخصیات کی بے حرمتی کے واقعات پر بھی گہری تشویش ظاہر کی۔
انہوں نے کہا: یہ سب ایک سازش کے تحت سماجی، مذہبی اور سیاسی حالات کو بگاڑنے کی کوششیں ہیں۔ تمام حکومتوں کو چاہیے کہ تنگ نظری، ذات پات کی سیاست، فرقہ واریت اور انتقامی سیاست کو ترک کر کے ایسے مجرمانہ عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کریں تاکہ ملک میں قانون کی حکمرانی قائم ہو۔
مایاوتی نے بی ایس پی کے بانی مانیَور کانشی رام کی برسی کے موقع پر 9 اکتوبر کو لکھنؤ میں ہونے والے ریاست گیر پروگرام کو تاریخی طور پر کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ ا
نہوں نے اعلان کیا کہ:اس مرتبہ بی ایس پی کی جانب سے کانشی رام جی کی برسی کے موقع پر لکھنؤ کے وی آئی پی روڈ پر واقع عظیم اور شاندار 'مانیَور شری کانشی رام جی اسمارک ستھل' (یادگار مقام) پر عقیدت و احترام کا خصوصی پروگرام منعقد کیا جائے گا۔ میں خود اس پروگرام میں شریک ہو کر اس کی قیادت کروں گی اور مستقبل کے سیاسی چیلنجز سے نمٹنے کی حکمتِ عملی پر بھی کارکنوں سے بات چیت کروں گی۔