بی ایس ایف کے جوانوں نے چار بلند ہمالیائی چوٹیاں سر کرنے کا عزم کر لیا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 02-08-2025
بی ایس ایف کے جوانوں نے چار بلند ہمالیائی چوٹیاں سر کرنے کا عزم کر لیا
بی ایس ایف کے جوانوں نے چار بلند ہمالیائی چوٹیاں سر کرنے کا عزم کر لیا

 



نئی دہلی:ہندوستان کی بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے جوان ہمالیہ کی چار بلند و بالا چوٹیوں کو سر کرنے کے لیے نکلے ہیں۔ 34 روزہ اس مہم میں 35 ارکان شامل ہیں۔ ہفتے کے روز دہرادون (اتراکھنڈ) کے ڈوئیوالا میں واقع "بی ایس ایف ایڈونچر اینڈ ایڈوانس ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ" سے اس کوہ پیمائی مہم کو بی ایس ایف کے آئی جی (ٹریننگ) اشوک کمار، آئی پی ایس نے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔

یہ مہم لداخ اور لاہول کے علاقے میں واقع درج ذیل چار چوٹیوں کو سر کرے گی

ماؤنٹ یونم (6111 میٹر)

ماؤنٹ تھگجے (6128 میٹر)

ماؤنٹ تھگجے ایسٹ (6080 میٹر)

ماؤنٹ مینٹوک (6250 میٹر)

بی ایس ایف کے مطابق اس مہم کے دو بڑے مقاصد ہیں1995 میں نوبرا ویلی، کاراکورم رینج میں ماؤنٹ ساسر کانگڑی (17672 فٹ) کو سر کرنے کی کوشش میں شہید ہونے والے 13 کوہ پیماؤں کو خراج عقیدت پیش کرنا۔

"سوچھ بھارت – سوچھ ہمالیہ" اور "ہم فٹ تو انڈیا فٹ" جیسی قومی مہمات کو فروغ دینا۔

اس مہم کی قیادت بی ایس ایف کے نائب کمانڈنٹ اور عالمی شہرت یافتہ کوہ پیما لوراج سنگھ دھرمشکتو کر رہے ہیں، جو سات بار ماؤنٹ ایورسٹ سر کر چکے ہیں۔ مہم میں تجربہ کار اور نئے کوہ پیماؤں کی ٹیم شامل ہے۔ بی ایس ایف نے خواتین اہلکاروں کو بھی مہم میں شامل کیا ہے، جو ناری شکتی کی علامت ہے۔

اس مہم کے دوران 14,000 فٹ سے 20,500 فٹ کی بلندی تک قائم کیمپوں سے کوڑا کرکٹ جمع کر کے اس کا مناسب طریقے سے نپٹارہ کیا جائے گا۔ یہ ماحول کے تحفظ اور گلوبل وارمنگ کو روکنے کا ایک طاقتور پیغام بھی دے گا۔

بی ایس ایف نے 2006 اور 2018 میں ماؤنٹ ایورسٹ، 2008 میں ماؤنٹ کنچن جنگا، 2021 میں ماؤنٹ لہوتسے، 2023 میں ماؤنٹ ماناسلو اور دیگر 47 ہمالیائی چوٹیوں کو سر کر کے اپنا شاندار کوہ پیمائی ریکارڈ قائم کیا ہے۔

اس مہم میں ایک پدم شری اور دو قومی ایڈونچر ایوارڈ یافتہ کوہ پیما بھی شامل ہیں، جو بی ایس ایف کے شاندار کوہ پیمائی ورثے کو آگے بڑھا رہے ہیں۔