روزہ توڑ عقیل نے بچائی الکااورنرملاکی زندگی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
عقیل منصوری
عقیل منصوری

 

 

غوث سیوانی،نئی دہلی/ ادے پور، راجستھان

نمازوں کی قضائیں پھراداہوں

نگاہوں کی قضائیں کب اداہوں

نماز،روزہ،حج یقیناً اللہ کی عبادت ہیں مگراللہ کی مخلوق کی جان بچانا،سب سے بڑی عبادت ہے۔قرآن بھی کہتاہے کہ ایک قتل تمام انسانوں کے قتل جیساہے اور ایک جان بچانا،تمام انسانوں کی جان بچانے جیسا ہے۔ قرآن کریم کے اسی پیغام پرعمل کیاجے پور (راجستھان) کےعقیل منصوری نے۔ انھوں نے دوخواتین کی جان بچانے کے لئے روزہ توڑ دیاکیونکہ وہ جانتے ہیں کہ نمازروزہ کی قضاہوسکتی ہے مگرخدمت انسانی کا موقع اگر چوک گیا تو اس کی کوئی قضاممکن نہیں ہے۔

روزہ توڑا،دل جیتا

کرونا وائرس نے ایک بار پھر ملک بھر میں سراٹھاناشروع کردیاہے۔مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ لوگ پریشان ہیں۔ اسپتال بھرے ہوئے ہیں۔مسئلہ بڑھتا جارہا ہے اور ضروری دوائیں تک دستیاب نہیں ہیں۔ایسے میں کچھ نیک دل لوگ ایک دوسرے کی مدد کررہے ہیں۔عقیل منصوری بھی ایسے ہی ایک شخص کا نام ہے۔ رمضان المبارک کا مقدس مہینہ چل رہا ہے۔ عقیل نے روزہ توڑکر دو ایسی خواتین کی جان بچائی جو کوروناسے متاثر تھیں۔ یہ نہ ان کی رشتہ دار تھیں اور نہ ہی ان کے دھرم اور ذات سے تعلق رکھنے والی تھیں مگر انھوں نے انسانیت کا رشتہ نبھایا۔اس خبر نے ہرکسی کا دل جیت لیا۔

انھیں پلازماکی ضرورت تھی

معاملہ ہے ادے پور کے پیسیفک اسپتال کا۔ چھتیس سالہ نرملا ، جو چھوٹی سادڑی ، ادے پور کی رہائشی ہے، کوروناسے متاثرہے جب کہ تیس ​​سالہ الکا ، جو ریشبھ دیو کی رہنے والی ہے،بھی کوروناپوزیٹیوہے۔دونوں کئی دن سے اسپتال میں تھیں اورصحت خراب ہورہی تھی۔ ان کا بلڈ گروپ اے پازیٹو تھا۔ ان دونوں کو پلازما کی ضرورت تھی ۔ ڈاکٹروں نے انھیں فوری پلازماڈونرکابندوبست کرنے کو کہا۔

رکت یواواہنی

اسی اثناء میں یہ اطلاع رکت یوا واہنی کے کارکنوں تک پہنچی۔ جب وہ پلازما کی تلاش کر رہے تھے تو انھیں عقیل منصوری کی یاد آئی،کیوں کہ اس نے 17 بار خون کا عطیہ کیا تھا اور وہ جانتے تھے کہ ان کا بلڈ گروپ بھی اے پوزیٹیوہے۔ رکت یواواہنی کے ممبران نے انھیں پلازما دینے کی درخواست کی۔ وہ پلازما دینے کے لئے پہنچے بھی مگرمسئلہ یہ تھا کہ عقیل روزہ سے تھے۔ڈاکٹروں نے کہا کہ وہ خالی پیٹ پلازما نہیں لے سکتے۔

جب روزہ توڑناپڑا

پھرعقیل نے روزہ پردوزندگیوں کوترجیح دی اورناشتہ کرکے روزہ توڑ دیا۔ ڈاکٹروں نے ان کے اینٹی باڈی کی جانچ کی اور پلازما لےلیا۔اس سے دوخواتین کی جان بچائی گئی۔

یہی ہے عبادت

یہی ہے عبادت،یہی دین وایماں

کہ کام آئے دنیا میں انساں کے انساں

عقیل نے کہا کہ وہ اللہ سے دعا کریں گے کہ دونوں خواتین جلد صحت یاب ہوجائیں۔ عقیل کہتے ہیں کہ جان بچانا اللہ کی حقیقی عبادت ہے۔ جب انھیں یہ موقع ملا تو انھوں نے روزہ توڑ دیا اور جان بچائی۔اللہ کا شکر ہے کہ وہ کسی کی جان بچانے کے کام آئے۔

غور طلب ہے کہ اس سے قبل بھی ، عقیل 3 بار پلازما اور 17 بار خون عطیہ کرچکے ہیں۔ وہ بلڈ ڈونرگروپ رکت یواواہنی کے ساتھ وابستہ ہیں۔ یہ گروپ انسانیت کی خدمت کے جذبے سے سرشار نوجوانوں کا گروپ ہے۔