برازیلیا/ آواز دی وائس
برازیل اور امریکہ کے درمیان ٹیرف کو لے کر کشیدگی تیز ہو گئی ہے۔ برازیل کے صدر لوئیز اناسیو لولا دا سلوا نے صاف کہا ہے کہ وہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے ٹیرف پر کوئی بات نہیں کریں گے۔ انہوں نے ٹرمپ کی فون کال کی پیشکش کو ٹھکراتے ہوئے کہا کہ برازیل اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے عالمی تجارتی تنظیم سمیت ہر پلیٹ فارم کا استعمال کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ وزیر اعظم مودی سے بات کریں گے۔
دراصل، امریکہ نے برازیل پر 50 فیصد ٹیرف لگانے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے دونوں ممالک کے تعلقات میں کھٹاس آ گئی ہے۔ لولا نے کہا کہ یہ قدم دونوں ممالک کے تعلقات کی تاریخ میں نہایت افسوسناک ہے۔ انہوں نے بتایا کہ برازیل پہلے سے ہی برکس ممالک کے ساتھ مل کر غیر ملکی تجارت کو مضبوط کرنے کی سمت میں کام کر رہا ہے۔
لولا بولے ہم ڈبلیو ٹی او سے لے کر ہر آپشن پر غور کر رہے ہیں
برازیلیا میں ایک پروگرام کے دوران لولا نے کہا کہ ہم ڈبلیو ٹی اوسے لے کر ہر آپشن پر غور کر رہے ہیں۔ ہم امریکہ میں انتظامیہ بدلنے سے پہلے ہی اپنے تجارتی مفادات کو لے کر فعال تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ٹرمپ سے بات نہیں کریں گے کیونکہ ٹرمپ ’’بات کرنا ہی نہیں چاہتے۔
لولا نے کہا کہ میں شی جن پنگ کو فون کروں گا، میں مودی کو بھی فون کروں گا۔ پوتن سے بات نہیں کروں گا کیونکہ وہ فی الحال سفر نہیں کر سکتے۔ لیکن کئی سربراہان سے رابطہ کروں گا۔ مجھے اس بارے میں کچھ نہیں پتہ… جب ڈونالڈ ٹرمپ سے امریکہ – روس تجارت کو لے کر سوال کیا گیا
قابل ذکر ہے کہ برازیل، روس، ہندوستان اور چین برکس کا حصہ ہیں۔ ٹرمپ نے حال ہی میں برکس کو امریکی ڈالر کو کمزور کرنے کی کوشش بتا کر ان ممالک پر 10 فیصد اضافی ٹیرف لگانے کی دھمکی دی ہے۔
اس کے باوجود لولا نے ٹرمپ کو نومبر میں برازیل کے بیلیم شہر میں ہونے والے کوپ 30 ماحولیاتی اجلاس میں مدعو کرنے کی بات کہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں ٹرمپ کو ماحولیات پر بات چیت کے لیے مدعو کروں گا۔ اگر وہ نہیں آتے تو یہ ان کی مرضی ہوگی، اس کا سبب دوستی، تعلیم یا جمہوریت کی کمی نہیں ہوگا۔
وہیں، امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ لولا جب چاہیں، ان سے بات کر سکتے ہیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ انہیں برازیل کے عوام سے محبت ہے لیکن وہاں کے حکمرانوں نے غلط فیصلے کیے ہیں۔ اس پر برازیل کے وزیر خزانہ فرنینڈو حداد نے کہا کہ ٹرمپ کی بات اچھی لگی اور انہیں امید ہے کہ لولا بھی بات چیت کے لیے تیار ہوں گے۔ تاہم لولا کا مؤقف صاف ہے – امریکہ سے بات تبھی ہوگی جب شرائط برابر ہوں اور باہمی احترام کے ساتھ ہو۔