لكھنو / آواز دی وائس
اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ پر بنی فلم کو بامبے ہائی کورٹ سے منظوری مل گئی ہے۔ یہ فلم اب جلد ریلیز ہو سکتی ہے۔ اس فلم کا ٹائٹل "اَجے: دی ان ٹولڈ اسٹوری آف اے یوگی" ہے، جس کی ریلیز کو لے کر بمبئی ہائی کورٹ میں سماعت جاری تھی۔ عدالت نے واضح کیا تھا کہ پہلے وہ فلم دیکھے گی اور اس کے بعد ہی کوئی حکم جاری ہوگا۔ اب فلم سازوں کو اس فیصلے سے بڑی راحت ملی ہے۔
جلد اعلان ہوگی ریلیز ڈیٹ
فلم کے حوالے سے فلم سازوں نے سنسر بورڈ پر الزام لگایا تھا کہ جان بوجھ کر ریلیز میں تاخیر کی جا رہی ہے۔ اس پر ہائی کورٹ نے سماعت کی اور اب بڑی راحت دی ہے۔ عدالت نے فلم سازوں کی درخواست کو درست مانتے ہوئے فلم ریلیز کرنے کا حکم دیا۔ عدالت کے فیصلے کے بعد اب فلم ساز آرڈر کی کاپی لے کر ریلیز ڈیٹ کا اعلان کریں گے۔
سنسر بورڈ كااعتراض
سنسر بورڈ کی جانب سے اس فلم پر کئی اعتراضات اٹھائے گئے تھے اور اس کی ریلیز پر روک لگا دی گئی تھی۔ ہائی کورٹ نے ان تمام مناظر کو دیکھا جن پر سی بی ایف سی نے اعتراض کیا تھا۔ تاہم عدالت کو کسی بھی سین میں کوئی قابل اعتراض چیز نظر نہیں آئی اور اب فلم کو ریلیز کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ سنسر بورڈ نے کہا تھا کہ یہ فلم سنیماٹوگراف ایکٹ کی خلاف ورزی کرتی ہے۔
یوگی آدتیہ ناتھ کی زندگی اور سیاسی کیریئر پر مبنی اس فلم میں ان کی زندگی کے کئی پہلوؤں کو دکھایا جائے گا۔ گورکھپور سے لے کر اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ بننے تک کا سفر اس فلم میں شامل ہوگا۔
CBFC کی جانب سے یوگی آدتیہ ناتھ کی زندگی پر بنائی گئی اس فلم پر 29 اعتراضات درج کرائے گئے تھے، جن میں سے 8 اعتراضات کو خارج کر دیا گیا، لیکن باقی اعتراضات برقرار رہے۔ 17 اگست کو بورڈ نے فلم کو ریلیز کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ اس کے بعد فلم سازوں نے ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا۔
فلم سازوں نے لگائے تھے الزامات
فلم کے پروڈیوسرز نے اپنی عرضی میں سنسر بورڈ پر کئی سنگین الزامات لگائے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ان کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ انہیں یوگی آدتیہ ناتھ سے "نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ" لینے پر مجبور کیا گیا، جو اصول و ضوابط کے خلاف ہے۔ وہیں سی بی ایف سی نے کہا کہ تمام اصولوں کی پابندی کی گئی ہے اور اعتراض صرف ان مناظر پر تھا جو سنیماٹوگراف ایکٹ کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔