اندور : اسکول میں بم کی دھمکی

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 09-09-2025
اندور : اسکول میں بم کی دھمکی
اندور : اسکول میں بم کی دھمکی

 



اندور / آواز دی وائس
 اندور کے ایک نجی اسکول کو بم سے اڑانے کی دھمکی ملنے کے بعد پولیس نے منگل کو تعلیمی احاطے کی اچھی طرح تلاشی لی، لیکن وہاں کوئی بھی مشتبہ شے نہیں ملی اور یہ دھمکی جھوٹی پائی گئی۔ پولیس کے ایک افسر نے یہ جانکاری دی۔
پولیس کے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی پی) شری کرشن لال چندانی نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ راؤ تھانہ علاقے کے گولڈن انٹرنیشنل اسکول کو منگل کو بم سے اڑانے کا دھمکی بھرا ای میل بھیجا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ اور دہشت گردی مخالف دستے  کو فوراً اسکول بھیج کر تقریباً تین گھنٹے تک سخت جانچ مہم چلائی گئی، لیکن تعلیمی احاطے میں کسی بھی طرح کی مشتبہ شے نہیں ملی۔
ڈی سی پی نے بتایا کہ بم دھماکے کی جھوٹی دھمکی والے ای میل کو لے کر ایف آئی آر درج کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس ای میل میں تمل ناڈو کی دراوڑ منیترا کژگم  حکومت کے خلاف مبینہ ناراضگی کے مسئلے کو اجاگر کرتے ہوئے بم دھماکے کے نام پر سنسنی پھیلانے کی کوشش کی گئی تھی۔
لال چندانی نے بتایا کہ اندور کے نجی اسکول کو جس ای میل اکاؤنٹ سے بم دھماکے کی دھمکی ملی، اس کے ذریعے پہلے بھی اس طرح کی جھوٹی دھمکیاں دی جا چکی ہیں اور یہ اکاؤنٹ پولیس کی نگرانی میں ہے۔ ڈی سی پی نے کہا کہ اس اسکول کو بم دھماکے کی جھوٹی دھمکی والا ای میل بھیجنے کے ذمہ دار لوگوں کی شناخت کی کوشش کی جا رہی ہے۔
پولیس کے ایک اور افسر نے بتایا کہ پچھلے مہینوں میں شہر کے ہوائی اڈے، بینک برانچوں، اسپتالوں اور اسکولوں کو بم سے اڑانے کی جھوٹی ای میلز مل چکی ہیں اور ایسے ہی ایک معاملے میں ایک ملزم کو گرفتار بھی کیا جا چکا ہے۔