جے پور: راجستھان اسمبلی کو جمعہ کے روز بم سے اڑانے کی دھمکی والا ایک ای میل موصول ہوا، جس کے بعد پولیس نے اسمبلی کمپلیکس کی تفصیلی تلاشی لی، تاہم کوئی مشکوک چیز نہیں ملی۔ پولیس نے یہ اطلاع دی۔ پولیس کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں سے بھی کم عرصے میں یہ دوسری بار ہے جب راجستھان اسمبلی کو بم دھماکے کی دھمکی ملی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ اسمبلی کے سرکاری ای میل پر موصول ہونے والے دھمکی آمیز پیغام میں دوپہر کے وقت خودکش حملے کی وارننگ دی گئی تھی۔ ای میل میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ دو خودکش بمبار، جنہوں نے دھماکہ خیز بیلٹ پہن رکھی ہوگی، حملہ کریں گے۔ جیوَتی نگر تھانے کی انچارج سنترا مینا نے بتایا کہ پولیس ٹیم، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور ڈاگ اسکواڈ کے ساتھ موقع پر پہنچی اور پورے اسمبلی کمپلیکس کی تلاشی لی۔
انہوں نے کہا: “تلاشی کے دوران کوئی مشکوک چیز نہیں ملی، تاہم احتیاط کے طور پر سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔” حکام کے مطابق 13 اپریل کو بھی اسی نوعیت کی ایک دھمکی موصول ہوئی تھی جو بعد میں جھوٹی ثابت ہوئی۔
پولیس نے بتایا کہ حالیہ ہفتوں میں جے پور کے مختلف مقامات پر اس طرح کی کئی دھمکی آمیز ای میلز موصول ہوئی ہیں، جن میں عدالتیں، سوا ئی مان سنگھ اسٹیڈیم، وزیراعلیٰ کا دفتر، پاسپورٹ آفس، ڈاک خانہ، اور کچھ نجی اسکول و اسپتال شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق ای میل کے ذرائع کی تحقیقات جاری ہیں اور جے پور میں حساس مقامات پر سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔