بالی ووڈ ستاروں نے وزیرِاعظم مودی کو سالگرہ پر مبارکباد دی

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 17-09-2025
بالی ووڈ ستاروں نے وزیرِاعظم مودی کو سالگرہ پر مبارکباد دی
بالی ووڈ ستاروں نے وزیرِاعظم مودی کو سالگرہ پر مبارکباد دی

 



ممبئی/ آواز دی وائس
وزیر اعظم نریندر مودی کے 75ویں جنم دن کے موقع پر بدھ کو ہندوستانی فلم انڈسٹری کی کئی معروف شخصیات نے انہیں دلی مبارکباد پیش کی۔ مبارکباد دینے والوں میں اداکار عامر خان، شاہ رخ خان، عالیہ بھٹ، وکی کوشل، اجے دیوگن اور آیوشمان کھرانہ شامل تھے۔
شاہ رخ خان، جو اس وقت بیرون ملک اپنی فلم ’کنگ‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں،  انہوں نے وزیر اعظم مودی کو ایک خصوصی ویڈیو پیغام کے ذریعے نیک خواہشات بھیجیں۔
انہوں نے کہا کہ آپ کا ایک چھوٹے شہر سے عالمی اسٹیج تک کا سفر بے حد متاثر کن ہے۔ آپ کا نظم و ضبط، محنت اور ملک کے تئیں لگن اس سفر میں صاف دکھائی دیتی ہے۔ 75 برس کی عمر میں آپ کی توانائی ہم جیسے نوجوانوں کو بھی پیچھے چھوڑ دیتی ہے۔ میں دعا کرتا ہوں کہ آپ ہمیشہ صحت مند اور خوش رہیں۔
عامر خان نے بھی وزیر اعظم مودی کی طویل عمر کی دعا کی۔
انہوں نے کہا کہ جناب آپ کو جنم دن کی بہت بہت مبارکباد۔ ہندوستان کی ترقی کے لیے آپ کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ اس خوشی کے موقع پر ہم آپ کی طویل عمر اور اس بات کی دعا کرتے ہیں کہ آپ ملک کو ترقی کی راہ پر آگے بڑھاتے رہیں۔
عالیہ بھٹ نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ معزز وزیر اعظم نریندر مودی جی کو جنم دن کی دلی مبارکباد۔ آپ کی قیادت ہمارے عظیم ملک کے مستقبل کو سنوارتی رہے اور ہمیں مزید ترقی کی طرف لے جائے۔ آپ کی صحت، طاقت اور کامیابی ہمیشہ برقرار رہے۔
اداکار اجے دیوگن نے بھی وزیر اعظم مودی کو گرمجوشی کے ساتھ مبارکباد دی اور ان کی ملک کے لیے خدمات کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ آپ کے 75ویں جنم دن کے موقع پر میں اور میرا خاندان آپ کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ میں نے آپ سے پہلی بار اس وقت ملاقات کی تھی جب آپ گجرات کے وزیر اعلیٰ تھے… آپ کے سفر میں ایک شاندار مستقل مزاجی نظر آتی ہے۔ ملک کے لیے آپ کا وژن، کام کے تئیں آپ کی لگن اور بے خوف قیادت نے ہندوستان کو عالمی سطح پر ایک منفرد مقام دلایا ہے۔
اداکار آیوشمان کھرانہ نے وزیر اعظم مودی سے اپنی پہلی ملاقات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس بات سے متاثر ہوئے کہ وزیر اعظم نے ان کے خاندان کی خیریت دریافت کی۔
انہوں نے کہا کہ جب میں ان سے پہلی بار ملا تو وہ ہمارے بارے میں بہت کچھ پہلے سے جانتے تھے… انہوں نے میرے خاندان کے بارے میں پوچھا، والد صاحب اور تاہیرا کی صحت کے بارے میں معلومات لیں اور میری فلموں پر بات کی۔ یہ ذاتی تعلق جو وہ ہر ایک سے بناتے ہیں انہیں واقعی خاص بناتا ہے۔ میں ان کے لیے اچھی صحت اور خوشی کی دعا کرتا ہوں۔
وکی کوشل نے کہا کہ میں دل سے آپ کی اچھی صحت، طویل عمر اور لامحدود توانائی کی دعا کرتا ہوں تاکہ آپ ہمارے عظیم ملک کو مزید بلندیوں تک لے جا سکیں۔ جے ہند۔
دریں اثنا، وزیر اعظم مودی کے 75ویں جنم دن کے موقع پر ملک بھر میں ’’سیوا پکھواڑا‘‘ نامی 15 روزہ مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔
اس مہم کے تحت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) خون کے عطیہ کے کیمپ، صفائی مہم اور نمائشوں کا انعقاد کرے گی تاکہ مرکزی حکومت کی کامیابیوں کو عوام کے سامنے پیش کیا جا سکے۔