ممبئی،کراچی: آج ہندستان اور پاکستان میں دائودی بوہری برادری عید منارہی ہے۔ تیس روزے مکمل ہونے کے موقع پر عید کی نماز ادا کی گئی، جس کے بعد ایک دوسرے کو مبارکباد دینے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ کلکتہ، ادے پور، ممبئی، راجسمند، گلیا کوٹ-ڈونگرپور، ودودرا، سورت اور دیگر مقامات پر بوہری برادری نے عید کی نماز ادا کی۔
آج کا دن ملک کی وحدت میں کثرت کی خوبصورت مثال پیش کر رہا ہے۔ مندروں میں گونجتے شنکھ کی آوازیں اور مساجد سے اٹھتی امن کی دعائیں ایک ساتھ ملک کی ثقافتی عظمت اور ہم آہنگی کو ظاہر کر رہی ہیں۔ دوسری طرف پاکستان کے کراچی میں بوہری برادری نے آج عید الفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی، جہاں شہر بھر میں نمازِ عید کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔
مرکزی اجتماع صدر کے علاقے میں واقع طاہری مسجد میں ہوا، جہاں بوہری جماعت سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے نمازِ عید ادا کی۔ اس کے علاوہ پان منڈی، سولجر بازار، بلوچ کالونی اور حیدری سمیت دیگر علاقوں میں بھی نمازِ عید کے اجتماعات منعقد کیے گئے۔
دونوں ملکوں میں نمازِ عید کے بعد لوگوں نے ایک دوسرے کو گلے لگا کر عید کی مبارکباد دی اور خوشیاں آپس میں بانٹیں۔ اس موقع پر ملک میں امن و امان، ترقی، خوشحالی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔