مودی کے ہیلی کاپٹر کے پاس اڑائے گئے سیاہ غبارے، 4 کانگریس کارکنان گرفتار

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 04-07-2022
مودی کے ہیلی کاپٹر کے پاس اڑائے گئے سیاہ غبارے، 4 کانگریس کارکنان گرفتار
مودی کے ہیلی کاپٹر کے پاس اڑائے گئے سیاہ غبارے، 4 کانگریس کارکنان گرفتار

 

 

امراوتی: وزیراعظم نریندر مودی کے آندھرا پردیش کے دورے کا ایک ویڈیو منظر عام پر آیا ہے، جس میں ایک کانگریسی کارکن مودی کے ہیلی کاپٹر کے اڑنے کے بعد سیاہ غبارے اڑاتا نظر آرہا ہے۔

ملک کے حالات سے لے کر مہنگائی کے مسئلے تک ان دنوں وزیر اعظم نریندر مودی کانگریس کے نشانے پر ہیں۔ اب ایک ویڈیو سامنے آیا ہے، جس میں ایک کانگریس کارکن مودی کے ہیلی کاپٹر کے پیچھے سیاہ رنگ کے غبارے اڑاتا نظر آرہا ہے۔

خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق یہ ویڈیومودی کے دورہ آندھرا پردیش کا ہے، جب ان کا ہیلی کاپٹر ٹیک آف کرنے لگا تو کانگریس کے ایک کارکن نے سیاہ غبارہ اڑا کر اپنا احتجاج ظاہر کیا۔

اس واقعہ کے بعد مرکزی ایجنسیوں نے مودی کی سیکورٹی کو لے کر تشویش ظاہر کی ہے۔ سیکورٹی میں لاپرواہی کی بھی بات کہی ہے۔ پولیس نے اس واقعہ کے سلسلے میں کانگریس کے 4 کارکنوں کو گرفتار کیا ہے۔

اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جہاز کے ٹیک آف کے بعد ایک شخص نے غبارے ہوا میں اڑائے۔ ویڈیو میں لوگ مودی کا نام لے کر مقامی زبان میں بھی کچھ بول رہے ہیں۔

 

واقعہ کے فوراً بعد کرشنا ضلع کے ایس پی سدھارتھ کوشل نےبتایا کہ مودی کے ہیلی کاپٹر کے گناورم ہوائی اڈے سے اڑان بھرنے کے فوراً بعد غبارے کے واقعہ کے سلسلے میں 4 کانگریسی مظاہرین کو گرفتار کر لیا گیا۔

وزیر اعظم نریندر مودی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی نیشنل ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے لیے وجئے واڑہ میں تھے اور حیدرآباد میں رات قیام کیا۔ جب وہ وجئے واڑہ پہنچے تو کانگریس کارکنان کومودی کے خلاف احتجاج میں پلے کارڈز اور سیاہ غبارے دکھاتے ہوئے دیکھا گیا۔

وزیراعظم کے ہیلی کاپٹر کے قریب غبارے گرنے کے واقعے کو وزیر اعظم کی سیکورٹی میں غفلت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ پولیس اس بات کی بھی تحقیقات کر رہی ہے کہ یہ لوگ اس علاقے میں کیسے داخل ہوئے جہاں سیکورٹی کے سخت انتظامات ہیں۔

یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ اسپیشل پروٹیکشن گروپ (ایس پی جی) اور دیگر مرکزی ایجنسیاں، جو پی ایم کی سیکورٹی کی نگرانی کرتی ہیں، بھی وجئے واڑہ میں پی ایم کی سیکورٹی میں لاپرواہی کی تحقیقات میں شامل ہیں۔

بتا دیں کہ جنوری میں پنجاب کے فیروز پور ضلع کے قریب مودی کی سیکورٹی میں لاپرواہی کا معاملہ سامنے آیا تھا۔ فیروز پور کے قریب احتجاج کی وجہ سے ان کا قافلہ فلائی اوور پر پھنس گیا، جس کے بعد وزیر اعظم کی سیکورٹی میں کوتاہی پر زبردست بحث چھڑ گئی تھی۔