بی جے پی ممبران پارلیمنٹ کو 'خصوصی تربیت' دے گی

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 03-09-2025
 بی جے پی ممبران پارلیمنٹ کو 'خصوصی تربیت' دے گی
بی جے پی ممبران پارلیمنٹ کو 'خصوصی تربیت' دے گی

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
نائب صدر کے عہدے کے لیے انتخابات 9 ستمبر کو ہوں گے۔ بی جے پی اتحاد اور انڈیا بلاک نے اپنے امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔ این ڈی اے کی جانب سے سی پی رادھا کرشنن کو امیدوار بنایا گیا ہے، جبکہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے سپریم کورٹ کے سابق جج بی سدرشن ریڈی میدان میں ہیں۔ انتخابات سے قبل، بھارتیہ جنتا پارٹی کے ممبران پارلیمنٹ 6 سے 8 ستمبر کے درمیان دہلی میں ایک ٹریننگ سیشن میں حصہ لیں گے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اراکین پارلیمنٹ کو نائب صدر کے انتخاب میں ووٹ ڈالنے کے طریقے کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔ اتنا ہی نہیں، انہیں پارلیمانی کمیٹیوں کے کام کاج کے بارے میں بھی بتایا جائے گا۔
وہیں، 8 ستمبر کو اپوزیشن بھی اپنے تمام اراکین پارلیمنٹ کے لیے ایک مختصر تربیتی پروگرام کا انعقاد کرے گا۔ حالانکہ اس انتخاب میں این ڈی اے کو واضح برتری حاصل ہے، لیکن اپوزیشن کی امید ہے کہ وہ این ڈی اے کے امیدوار سی پی رادھا کرشنن کی جیت کے فرق کو کم کر سکے۔ کانگریس صدر ملیکارجن کھڑگے نے اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں سے رابطہ کیا ہے اور انہیں اپنے ساتھیوں کے ہمراہ اس تربیتی پروگرام میں مدعو کیا ہے۔
نائب صدر کا انتخاب کیسے ہوتا ہے؟
آئین کے آرٹیکل 66 کے مطابق نائب صدر کا انتخاب پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے ممبران پر مشتمل انتخابی کالج کے ذریعے تناسبی نمائندگی کے نظام کے تحت ہوتا ہے۔ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے ممبران اس میں حصہ لیتے ہیں۔ ہر ممبر صرف ایک ووٹ ڈال سکتا ہے۔ صدر کے انتخاب میں پارلیمنٹ کے اراکین کے ساتھ ساتھ ایم ایل ایز بھی ووٹ ڈالتے ہیں، لیکن نائب صدر کے انتخاب میں یہ صورتحال کچھ مختلف ہوتی ہے۔
کس کے کتنے ممبر؟
بی جے پی اتحاد کے کل 422 ممبر ہیں (لوک سبھا میں 293 اور راجیہ سبھا میں 129)، جبکہ اپوزیشن کے پاس 320 رکن ہیں۔ بیجو جنتا دل کسی بھی اتحاد کے ساتھ نہیں ہے۔ پارٹی نے ابھی تک اپنا موقف واضح نہیں کیا ہے۔ بی جے ڈی کے ایوان بالا میں سات ممبر ہیں اور لوک سبھا میں ایک بھی نہیں۔ لوک سبھا میں چار آزاد رکن اور غیر اتحادی جماعتوں کے نو ممبر  ہیں۔
اس دوران، جسٹس ریڈی نے تمام ممبران پارلیمنٹ کو ایک اپیل بھیجی ہے اور ان سے اپنی حمایت مانگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتخاب صرف دو افراد کے درمیان مقابلہ نہیں ہے، بلکہ بنیادی طور پر ایک نظریاتی انتخاب ہے۔