مودی کی سالگرہ: بی جے پی ملک میں منائے گی سیوا پکھواڑا

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 03-09-2025
مودی کی سالگرہ: بی جے پی ملک میں منائے گی سیوا پکھواڑا
مودی کی سالگرہ: بی جے پی ملک میں منائے گی سیوا پکھواڑا

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
وزیر اعظم نریندر مودی کی 75 ویں سالگرہ 17 ستمبر کو منائی جائے گی۔ اس موقع پر بی جے پی پورے ملک میں "سیوا پکھواڑا" منائے گی۔ 17 ستمبر سے لے کر 2 اکتوبر (گاندھی جینتی) تک ملک بھر میں مختلف پروگرام منعقد ہوں گے۔ صفائی مہم کے تحت صفائی کی جائے گی۔ ایک ماں، ایک درخت" مہم کے تحت پودے لگائے جائیں گے۔ 75 اضلاع میں ضلعی انتظامیہ اور جنگلات کے محکمے سے اجازت لے کر "نمو ون" لگائے جائیں گے۔
75 شہروں میں "نمو پارک" بنائے جائیں گے۔ خون عطیہ کیمپ منعقد ہوں گے۔ وزیر اعظم مودی سے متعلق منتخب کتابیں تقسیم کی جائیں گی۔ نمائش کا انعقاد ہوگا۔ وزیر اعظم مودی پر بنی دستاویزی فلمیں دکھائی جائیں گی۔ "ووکَل فار لوکل" مہم کے تحت دیسی اشیاء کے استعمال کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ کئی جگہوں پر ہیلتھ کیمپ لگانے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔
۔2014 سے جاری روایت
معذور افراد کی مدد کے لیے آلات تقسیم کیے جائیں گے۔ بی جے پی نے اس کے لیے مرکزی جنرل سکریٹری سنیل بنسل کی قیادت میں ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔ دراصل یہ روایت 2014 سے جاری ہے، جب نریندر مودی پہلی بار وزیر اعظم بنے تھے۔ اس وقت سے بی جے پی نے مودی کے یومِ پیدائش کو "سیوا دیوس" کے طور پر منانا شروع کیا تھا۔
17 ستمبر کو اتر پردیش، راجستھان، چھتیس گڑھ سمیت ملک بھر میں صفائی مہم شروع ہوگی۔ اس کے علاوہ اسکولوں، اسپتالوں اور عوامی مقامات پر صفائی کے کام کیے جائیں گے۔ 70 سے زیادہ شہروں میں میراتھن کا انعقاد ہوگا، جس میں "وِکسِت ہندوستان" اور "نشہ مکْت ہندوستان" جیسے پیغامات دیے جائیں گے۔ 2 اکتوبر کو گاندھی جینتی کے موقع پر کھادی اور دیسی مصنوعات کو فروغ دیا جائے گا۔
گجرات کے وڈنگر میں پیدائش
وزیر اعظم نریندر مودی 17 ستمبر 1950 کو گجرات کے ضلع مہسانہ کے وڈنگر قصبے میں ایک متوسط طبقے کے خاندان میں پیدا ہوئے۔ کہا جاتا ہے کہ ان کے والد چائے کی دکان چلاتے تھے اور والدہ گھریلو خاتون تھیں۔ یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے کم عمری میں ہی اپنے والد کی چائے کی دکان پر کام کرنا شروع کر دیا تھا۔ اس کے کچھ وقت بعد وہ سنگھ سے جڑ گئے اور آر ایس ایس کی شاخوں میں جانے لگے۔ بعد میں 60 کی دہائی میں وہ سنگھ کے پرچارک کے طور پر سرگرم رہے۔ 1968 میں ان کی شادی جشودابین سے ہوئی، لیکن بعد میں وہ الگ ہوگئے۔