نئی دہلی / آواز دی وائس
بہار میں اگلے تین ماہ کے اندر اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ ستمبر میں الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخوں کا اعلان بھی کر سکتا ہے۔ اس دوران بہار میں سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم کافی عرصے سے شروع ہو چکی ہے۔ مہاگٹھ بندھن کی "ووٹر ادھیکار یاترا" جاری ہے تو وہیں این ڈی اے کے بڑے لیڈران بھی بہار میں انتخابی جلسے کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی لگاتار بہار کے دورے کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نئی اسکیموں کا اعلان کر رہے ہیں۔ اس دوران بی جے پی نے ایک انتخابی مہم کے گانے کے ذریعے سابق وزیر اعلیٰ لالو پرساد یادو اور سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو پر نشانہ ہے۔
بی جے پی کا انتخابی مہم گانا
بی جے پی نے اس گانے کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر شیئر کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر بی جے پی کے حامی اس گانے کو بڑے پیمانے پر شیئر کر رہے ہیں۔ بی جے پی نے گانے کو شیئر کرتے ہوئے لکھا
کئیسے آئی؟
چارا کھوائی اوری زمینے لکھائی،
گاڑی کے شوروم سے گاڑی لٹائی،
جھوٹ ہی کے بیٹیّا ڈاکٹر کہائی،
ہم نی کے لئیکن کے چھٹّل پڑھائی،
ای بھئیا جنگل راج کئیسے ہو آئی…
بی جے پی کن مدعوں کو اٹھا رہی ہے؟
اس گانے کے ذریعے بی جے پی نے آر جے ڈی، لالو پرساد یادو اور تیجسوی یادو پر حملہ بولا ہے۔ بی جے پی اپنے ویڈیو اور گانے کے ذریعہ یہ دکھا رہی ہے کہ جب بہار میں لالو پرساد یادو کی حکومت تھی تب یہاں گھوٹالے ہوتے تھے، جرائم عروج پر تھے اور عوام کی سنوائی نہیں ہوتی تھی۔ اس ویڈیو میں وہ کلپ بھی شامل کی گئی ہے جس میں لالو یادو کے پاس ان کا ایک حمایتی امبیڈکر کی تصویر لے کر جاتا ہے اور وہ اسے چھوتے تک نہیں ہیں۔
جب یہ تصویر سوشل میڈیا پر آئی تھی تب بھی کافی ہنگامہ مچا تھا اور بی جے پی نے لالو یادو پر زبردست حملہ کیا تھا۔ اس ویڈیو کے ذریعہ بی جے پی نے "زمین کے بدلے نوکری گھوٹالے" کا بھی ذکر کیا ہے اور یہ بتایا کہ کس طرح سے جانچ ایجنسیاں لالو خاندان پر شکنجہ کس رہی ہیں۔
اپوزیشن کا کیا مدعا ہے؟
جہاں بی جے پی لالو پرساد یادو پر "جنگل راج" کو لے کر نشانہ سادھ رہی ہے، وہیں اپوزیشن بھی بہار میں چل رہے اسپیشل انٹینسو ریویژن کو لے کر بی جے پی اور الیکشن کمیشن کو گھیر رہا ہے۔ آر جے ڈی اور کانگریس کا کہنا ہے کہ اسپیشل انٹینسو ریویژن کے ذریعے بی جے پی بہار میں ووٹر لسٹ سے ووٹروں کے نام کاٹ رہی ہے۔