بی جے پی نے کی وقف ایکٹ پر تیجسوی کے موقف کی مذمت

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 30-06-2025
بی جے پی نے کی  وقف ایکٹ پر تیجسوی کے موقف کی مذمت
بی جے پی نے کی وقف ایکٹ پر تیجسوی کے موقف کی مذمت

 



نئی دہلی: (پی ٹی آئی)
بی جے پی نے پیر کو اپوزیشن اتحاد پر الزام عائد کیا کہ وہ آئین کو "شریعت کی تحریر" میں بدلنے کی کوشش کر رہا ہے اور "سماج واد" (سوشلزم) کے پردے میں اپنے "نماز واد" کو چھپا رہا ہے۔ بی جے پی نے آر جے ڈی کے رہنما تیجسوی یادو کو اس بیان پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اگر بہار میں ان کی اتحادی حکومت آئی تو وہ ترمیم شدہ وقف ایکٹ کو کوڑے دان میں پھینک دے گی۔
بی جے پی کے قومی ترجمان سدھانشو تریویدی نے کہا کہ آر جے ڈی، کانگریس اور بائیں بازو کے اتحاد نے بہار میں پارلیمنٹ سے منظور شدہ اور سپریم کورٹ میں زیر سماعت قانون کی بے توقیری کر کے آئین کی عدم عزت کا مظاہرہ کیا ہے۔انہوں نے نامہ نگاروں سے کہا کہ اپوزیشن اتحاد ووٹ بینک کی سیاست میں مصروف ہے، جو مسلمانوں کی بڑی تعداد میں اس قانون کی مخالفت کے پس منظر میں ان تک پہنچنے کی کوشش کا دوسرا نام ہے۔تریویدی نے الزام عائد کیا کہ انڈیا بلاک دراصل پچھلے دروازے سے شریعت کے احکامات نافذ کرنا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ تلنگانہ اور کرناٹک جیسے ریاستیں مسلمانوں کو ریزرویشن دے رہی ہیں جس کی قیمت ہندو او بی سی، ایس سی اور ایس ٹی کو چکانی پڑ رہی ہے اور مغربی بنگال بھی ایسا ہی کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔تریویدی نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے بنائے ہوئے آئین کے اقدار کے تحفظ کے لیے این ڈی اے کی وابستگی پر زور دیا۔
انہوں نے کہاکہ سمدھان بچاؤ صرف ایک بہانہ ہے، ان پارٹیوں کا اصل چہرہ 'شریعت لاؤ' ہے۔ اگر یہ اقتدار میں آتے ہیں تو یہ آئین کی دیباچہ میں 'نماز واد' شامل کر دیں گے۔ یہ لوگ آئین کو شریعت کی تحریر میں بدلنا چاہتے ہیں، لیکن ہم ایسا ہونے نہیں دیں گے۔واضح رہے کہ آر جے ڈی کے تیجسوی یادو نے اتوار کو کہا تھا کہ بہار میں این ڈی اے کی حکومت "رخصت ہونے والی ہے" اور اپوزیشن اتحاد کی نئی حکومت مرکز کی نریندر مودی حکومت کے بنائے ہوئے وقف ایکٹ کو "کوڑے دان کے حوالے" کر دے گی۔تیجسوی یادو تاریخی گاندھی میدان پٹنہ میں 'وقف بچاؤ، آئین بچاؤ' ریلی سے خطاب کر رہے تھے۔ بہار میں انتخابات رواں سال کے آخر میں ہونے ہیں۔بی جے پی کے ترجمان نے کہا کہ این ڈی اے اتحاد امبیڈکر کے آئین کی کسی بھی شق کو کوڑے دان میں پھینکنے کی اجازت نہیں دے گا۔
اپوزیشن جماعتوں پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جن شریعت کے احکامات کی یہ پارٹیاں وکالت کر رہی ہیں، وہ سعودی عرب، پاکستان، بنگلہ دیش اور ترکیہ جیسے اسلامی ممالک میں بھی اس طرح نافذ نہیں ہیں۔تریویدی نے کہا کہ یہ پارٹیاں وقف کی وسیع زمینوں کو کچھ خود ساختہ مسلم مذہبی رہنماؤں کے ہاتھوں میں مرکوز کرنا چاہتی ہیں۔ ان کا دعویٰ تھا کہ یہ جائیدادیں کبھی بھی کمیونٹی کی فلاح کے لیے استعمال نہیں کی گئیں۔انہوں نے کہاکہ سوشلزم دولت کی تقسیم پر یقین رکھتا ہے، لیکن آر جے ڈی اور سماج وادی پارٹی جیسی سوشلسٹ پارٹیاں اس کے بالکل برعکس کر رہی ہیں اور چند خود ساختہ مسلم لیڈروں کے ساتھ کھڑی ہیں۔ یہ سماج واد نہیں بلکہ نماز واد ہے۔