پنجاب کورٹ نے جاری کیا بگا کی گرفتاری کا وارنٹ

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 07-05-2022
پنجاب کورٹ نے جاری کیا بگا کی گرفتاری کا وارنٹ
پنجاب کورٹ نے جاری کیا بگا کی گرفتاری کا وارنٹ

 

 

 موہالی: تجندر پال بگا کی ڈرامائی گرفتاری اور بچاؤ کے ایک دن بعد موہالی کی ایک عدالت نے آج پنجاب پولیس کو ہدایت دی ہے کہ وہ اشتعال انگیز تقریرکے الزام میں اس کے خلاف درج ایک مقدمے کے سلسلے میں بی جے پی لیڈر بگا کو گرفتار کرکے اس کے سامنے پیش کرے۔

خیال رہے کہ ایک دوسرے معاملے میں تجندر بگا کو جمعہ کی صبح پنجاب پولیس نے دہلی کے ان کے گھر سے حراست میں لیا تھا۔

تاہم ان کی گرفتاری کو دہلی پولیس نے ناکام بنا دیا، جوایک عدالت میں پہنچی اوربگا کے والد کی جانب سے دائراغوا کی شکایت کی بنیاد پر سرچ وارنٹ حاصل کیا۔

اس کے بعد ہریانہ پولیس نے تجندربگا کی کار کو روکا جس میں پنجاب پولیس اسے لے جا رہی تھی اور دہلی پولیس کے حوالے کیا۔ بگا دوارکا عدالت کے مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیے جانے کے بعد ہفتہ کی اولین ساعتوں میں اپنے جنک پوری گھر واپس آئے کیوں عدالت نے حکم دیا تھا کہ انہیں رہا کیا جائے اور گھر جانے کی اجازت دی جائے۔

اس ڈرامائی پیش رفت کے بعد جس کی وجہ سے بی جے پی-اے اے پی میں جھڑپ ہوئی۔ پنجاب پولیس نے آج صبح موہالی کی عدالت سے رجوع کیا اور اس کی گرفتاری کا وارنٹ حاصل کیا۔ عام آدمی پارٹی دہلی اور پنجاب پر حکومت کرتی ہے جب کہ بی جے پی ہریانہ پر حکومت کرتی ہے۔

تاہم دہلی پولیس مرکزی وزارت داخلہ کے تحت آتی ہے نہ کہ عام آدمی پارٹی کی قیادت والی دہلی حکومت کے تحت۔ بگا کے خلاف یکم اپریل کو درج کی گئی ایف آئی آر میں 30 مارچ کو ان کے تبصرے کا حوالہ دیا تھا، جب وہ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کی رہائش گاہ کے باہر بی جے پی یوتھ ونگ کے احتجاج کا حصہ تھے۔

اب اس کیس کی اگلی سماعت 23 مئی2022 کو ہوگی۔

خیال رہے کہ اس سے پہلے بگا نے کہا تھا کہ وہ عام آدمی پارٹی اور اس کے سربراہ اروند کیجریوال کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے۔

بی جے پی لیڈر نے کہا کہ چاہے میرے خلاف ایک یا 100 ایف آئی آر درج ہوں، میں گرو گرنتھ صاحب کی بے حرمتی اور کیجریوال کی طرف سے کشمیری پنڈتوں کی توہین کے معاملے کو اٹھاتا رہوں گا۔