بی جے پی کے نظریہ کو مغربی بنگال میں قبولیت ملی ہے: گڈکری

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 09-05-2026
بی جے پی کے نظریہ کو مغربی بنگال میں قبولیت ملی ہے: گڈکری
بی جے پی کے نظریہ کو مغربی بنگال میں قبولیت ملی ہے: گڈکری

 



نئی دہلی
نتن گڈکری نے ہفتہ کے روز کہا کہ مغربی بنگال میں ہندوستانیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی ’’شاندار‘‘ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ پارٹی کی نظریاتی سوچ کو اب ریاست کے عوام میں قبولیت حاصل ہو چکی ہے اور عوام کی جانب سے لائی گئی یہ تبدیلی ریاست کی ترقی کی راہ ہموار کرے گی۔
سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے وزیر گڈکری نے مغربی بنگال کے وزیر اعلیٰ کے طور پر شوبھیندو ادھیکاری کی حلف برداری تقریب میں شرکت کے لیے کولکاتا روانہ ہونے سے قبل ’پی ٹی آئی ویڈیو‘ سے گفتگو کے دوران یہ بات کہی۔ حال ہی میں منعقدہ مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے 294 رکنی اسمبلی میں 207 نشستیں جیت کر آل انڈیا ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے 15 سالہ اقتدار کا خاتمہ کر دیا اور مشرقی ہندوستان میں اپنی اب تک کی سب سے بڑی کامیابی درج کی۔
بھاوانی پور اسمبلی حلقے سے ترنمول سربراہ ممتا بنرجی کو شکست دینے والے ادھیکاری نے ہفتہ کے روز مغربی بنگال کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔ترنمول کانگریس کے 2011 میں اقتدار میں آنے سے پہلے مارکسی کمیونسٹ پارٹی (ماکپا) کی قیادت والے بایاں محاذ نے مسلسل 34 برس تک ریاست پر حکومت کی تھی۔
گڈکری نے کہا کہ مغربی بنگال میں بی جے پی کو پہلی بار ملی شاندار کامیابی ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کو خراجِ عقیدت ہے۔
انہوں نے کہا کہ مکھرجی نے نہایت نامساعد حالات میں ہندوستانی جن سنگھ کی بنیاد رکھی تھی اور آج ہماری نظریاتی سوچ کو بنگال میں قبولیت ملی ہے۔ یہ ہمارے تمام کارکنوں کے لیے بے حد خوشی کی بات ہے۔ بنگال کے عوام کی جانب سے لائی گئی یہ تبدیلی مستقبل میں ریاست کی ترقی کے لیے یقیناً بہت مفید ثابت ہوگی۔