بی جے پی کے زوال کا آغاز ہو گیا:ممتا بنرجی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 18-04-2026
بی جے پی کے زوال کا آغاز ہو گیا:ممتا بنرجی
بی جے پی کے زوال کا آغاز ہو گیا:ممتا بنرجی

 



ہوڑہ (مغربی بنگال): مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ہفتہ کے روز کہا کہ لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کے لیے 33 فیصد ریزرویشن نافذ کرنے سے متعلق آئینی ترمیمی بل کے ایوانِ زیریں میں منظور نہ ہونے کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے "زوال" کا آغاز ہو گیا ہے۔

ہوڑہ کے اولوبرِیا میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی "شکست خوردہ" ہے اور صرف اپنے اتحادیوں کے سہارے اقتدار میں ہے۔ انہوں نے کہا، "بی جے پی کا زوال شروع ہو گیا ہے۔ ہم نے بی جے پی کو شکست دی ہے۔ ان کے پاس اپنی اکثریت نہیں ہے۔ وہ دوسروں کے سہارے حکومت چلا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کے لیے 33 فیصد ریزرویشن سے متعلق آئینی ترمیمی بل، جو 2029 کے پارلیمانی انتخابات سے نافذ ہونا تھا، جمعہ کے روز ایوانِ زیریں میں منظور نہیں ہو سکا تھا۔ حلقہ بندی (ڈیلمیٹیشن) کے حوالے سے بی جے پی کے دباؤ پر ترنمول کانگریس کی سربراہ نے الزام لگایا کہ وہ ملک کو "تقسیم" کرنا چاہتی ہے۔

اپنی پارٹی کی خواتین کی نمائندگی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترنمول کانگریس میں لوک سبھا میں 36 فیصد اور راجیہ سبھا میں 46 فیصد ارکان خواتین ہیں۔ انہوں نے کہا، "ہم جیسی کوئی دوسری پارٹی نہیں ہے۔ بی جے پی کو ہم سے سیکھنا چاہیے۔ میں 1998 سے خواتین کے ریزرویشن کے لیے جدوجہد کر رہی ہوں۔" ممتا بنرجی نے بی جے پی کے لیے کام کرنے والوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پارٹی زیادہ عرصے تک مرکز میں اقتدار میں نہیں رہ سکے گی۔