راہل کی 'ووٹ چوری' مہم پر بی جے پی کا جوابی حملہ

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 13-08-2025
راہل کی 'ووٹ چوری' مہم پر بی جے پی کا جوابی حملہ
راہل کی 'ووٹ چوری' مہم پر بی جے پی کا جوابی حملہ

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
بہار میں ووٹر لسٹ کے رِویژن کو لے کر جاری تنازع کے درمیان قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے الیکشن کمیشن اور بی جے پی پر ’’ووٹ چوری‘‘ کے الزامات عائد کیے۔ اس پر بی جے پی نے آج جوابی وار کرتے ہوئے الزام لگایا کہ کانگریس کی رہنما سونیا گاندھی کو شہریت ملنے سے پہلے ہی ان کا نام ووٹر لسٹ میں درج کر دیا گیا تھا۔ اس معاملے پر بی جے پی آئی ٹی سیل کے سربراہ امیت مالویہ نے ایک ٹویٹ کیا، جبکہ لوک سبھا رکن اور سابق مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے ایک طویل پریس کانفرنس کی۔ اس دوران انہوں نے تیجسوی یادو سے لے کر ممتا بینرجی تک کے الزامات کا جواب دیا۔
انوراگ ٹھاکر نے دہلی میں بی جے پی ہیڈکوارٹر پر پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ جب  ایس آئی آر اس لیے نافذ کیا گیا تاکہ جعلی ووٹ صاف ہو سکیں اور مستحکم شہریوں کا حق نہ چھینا جائے تو کانگریس پارٹی اس کی بھی مخالفت کر رہی ہے۔
انوراگ ٹھاکر کا گھسپیٹھیوں کا ذکر
انوراگ ٹھاکر نے کانگریس پر سنگین الزام لگاتے ہوئے کہا کہ آخر کانگریس ہندوستان کے عوام کے ووٹ کو کمتر کیوں دکھانا چاہتی ہے؟ کیا ہندوستان کے ووٹرز نے بار بار کانگریس کو مسترد کیا ہے، اس لیے کانگریس اب اپنے گھسپیٹھیے ووٹ بینک تک محدود رہنا چاہتی ہے؟
رکن پارلیمنٹ انوراگ ٹھاکر نے کانگریس اور راہل گاندھی پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا، ’’ہار یہ جاتے ہیں اور الزام الیکشن کمیشن (ای سی آئی ) اور بی جے پی پر لگاتے ہیں۔ دھول ان کے چہرے پر تھی اور آئینہ صاف کرتے رہے۔ کل کسی کانگریس رہنما نے کہا کہ راہل گاندھی نے ’بھینکر‘ کر دیا، میں کہوں گا بھینکر نہیں بلکہ ’بلنڈر‘ کیا ہے۔ الیکشن کے وقت آئین کو لے کر عوام میں الجھن پیدا کی اور اب پھر جھوٹ بول رہے ہیں۔ ان کے پاس انتخاب کے لیے کوئی مدعا نہیں بچا۔
گاندھی خاندان پر سنگین الزامات
انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ اندرا گاندھی نے کہا تھا کہ ووٹرز بے وقوفوں کا گروہ ہیں۔ جب راجیو گاندھی انتخاب ہار گئے تو انہوں نے بیلٹ پیپر کو قصوروار ٹھہرایا۔ راہل گاندھی کے والد کہتے تھے کہ ووٹنگ مشینوں سے انتخاب کراؤ، اور راہل گاندھی کہتے ہیں بیلٹ پیپر سے انتخاب کراؤ۔ یہ لوگ ہمیشہ دوسروں پر ہی الزام لگاتے رہتے ہیں، تو اب خاندان ہی طے کر لے کہ کس بات پر قائم رہنا ہے اور کس پر نہیں۔
بہار انتخاب پر تبصرہ
انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ کانگریس نے بہار انتخاب ہارنے کے بعد اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر جھوٹے الزامات لگانے شروع کر دیے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کہتی ہے کہ بی جے پی کے لیے ای وی ایم میں ہیرا پھیری کی گئی ہے، پھر کہتی ہے کہ ای وی ایم پر پابندی لگاؤ اور بیلٹ پیپر واپس لاؤ۔ بعد میں کہتی ہے کہ ای وی ایم کو ریموٹ سے ہیک کیا جا سکتا ہے۔ وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ کانگریس ہر ہار کے بعد خود احتسابی کرنے کے بجائے ای وی ایم، الیکشن کمیشن اور آئینی اداروں کو قصوروار ٹھہراتی رہتی ہے۔