نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے راجیہ سبھا انتخابات کے لیے اپنے امیدواروں کی فہرست جاری کر دی ہے۔ پارٹی نے اروناچل پردیش سے تائی تاگاک کو امیدوار نامزد کیا ہے۔ گجرات سے راجو بھائی شکلا، مکیش بھائی راٹھوا، مان سنگھ پرمار اور جتیندر میگھ جی بھائی کنجاریا کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔
مدھیہ پردیش سے ترون چگ اور رجنیش اگروال کو امیدوار بنایا گیا ہے، جبکہ منی پور سے اے شاردی دیوی کو میدان میں اتارا گیا ہے۔ راجستھان سے ڈاکٹر الکا گجر اور ستیش پونیا کو امیدوار نامزد کیا گیا ہے، جبکہ اوڈیشہ سے دیباشیش سمانترائے بی جے پی کے امیدوار ہوں گے۔
ستیش پونیا ان رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے اپنی سیاسی زندگی کا آغاز طلبہ سیاست سے کیا اور بتدریج پارٹی میں اہم مقام حاصل کیا۔ وہ راجستھان بی جے پی کے سابق ریاستی صدر رہ چکے ہیں اور راجستھان اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف کے نائب کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
اس وقت وہ ہریانہ بی جے پی کے انچارج ہیں۔ جاٹ برادری سے تعلق رکھنے کے باعث انہیں راجستھان اور ہریانہ میں سماجی اور سیاسی توازن قائم کرنے میں مہارت حاصل ہے۔ بہار اسمبلی انتخابات کے دوران بھی انہیں پارٹی کارکنوں کے ساتھ انتخابی مہم میں سرگرم دیکھا گیا تھا۔ پنجاب کے شہر امرتسر سے تعلق رکھنے والے ترون چگ کم عمری میں ہی راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) سے وابستہ ہو گئے تھے۔
وہ اس وقت بی جے پی کے قومی جنرل سیکریٹری ہیں اور پارٹی کے اہم انتخابی حکمتِ عملی سازوں میں شمار کیے جاتے ہیں۔ انہیں جموں و کشمیر، لداخ اور تلنگانہ جیسے اہم علاقوں کی ذمہ داری بھی سونپی جا چکی ہے۔ انتخابی مہم کے دوران کارکنوں کو منظم رکھنے اور جلسوں کے مؤثر انتظام کے لیے پارٹی ان پر خاص اعتماد کرتی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فہرست میں ترون چگ واحد امیدوار ہیں جنہیں ان کی آبائی ریاست کے بجائے کسی دوسرے ریاست سے راجیہ سبھا کا امیدوار بنایا گیا ہے، جبکہ دیگر تمام امیدوار اپنے اپنے آبائی صوبوں سے ہی نامزد کیے گئے ہیں۔ دیباشیش سمانترائے اوڈیشہ کے کٹک علاقے کے ایک بااثر زمینی رہنما سمجھے جاتے ہیں۔
مئی 2026 میں انہوں نے بیجو جنتا دل (بی جے ڈی) چھوڑ کر بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ بی جے پی میں شامل ہونے سے ایک روز قبل انہوں نے راجیہ سبھا کی رکنیت سے بھی استعفیٰ دے دیا تھا۔ وہ چار مرتبہ رکنِ اسمبلی بھی منتخب ہو چکے ہیں اور اوڈیشہ کی سیاست میں ایک اہم نام مانے جاتے ہیں۔