نئی دہلی: دیوریا صدر سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکنِ اسمبلی شلبھ منی ترپاٹھی کا بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد انہوں نے خود پولیس سے اپنا چالان کاٹنے کی اپیل کی ہے۔ رکن اسمبلی نے پیر کے روز کہا کہ اتوار کی صبح مہڑا پورواں واقع ان کی رہائش گاہ پر پارٹی کارکن پرمود منی نے ان سے اپنی نئی موٹر سائیکل چلانے کی درخواست کی تھی۔
ترپاٹھی نے کہا: “میں ان کی اس درخواست کو ٹال نہیں سکا اور بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلائی، جو ٹریفک قوانین کے خلاف ہے۔” انہوں نے کہا کہ اپنی غلطی کا احساس ہونے پر انہوں نے پولیس انتظامیہ کو خط لکھ کر کارروائی کرنے اور چالان جاری کرنے کی اپیل کی۔ بی جے پی رکن اسمبلی نے مزید کہا: “ہیلمٹ نہ ہونے کے باوجود میں ان کی درخواست رد نہیں کر سکا۔
ہم دونوں بلیٹ موٹر سائیکل پر میرے گھر تک گئے، جو ٹریفک قوانین اور حفاظتی اصولوں دونوں کے لحاظ سے غلط تھا۔” انہوں نے پولیس سے کہا کہ اس کوتاہی پر فوری طور پر چالان جاری کیا جائے اور چالان کٹنے کے بعد انہیں مطلع بھی کیا جائے۔