لکھنؤ: سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے قومی صدر اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے جمعہ کے روز بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ برسرِ اقتدار پارٹی پیسے کے سوا کسی کی سگی نہیں ہے۔
ایس پی سربراہ یادو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے سرکاری ہینڈل سے کی گئی ایک پوسٹ میں کہا، ’’بی جے پی اپنے ساتھیوں کو فائدہ پہنچانے کے چکر میں کاشی کی دال منڈی میں ہر گھر اور دکاندار کو روند رہی ہے۔ یہ ظلم اور زیادتی عوام اب مزید برداشت نہیں کرے گی۔‘‘
انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا، ’’بی جے پی پیسے کے سوا کسی کی سگی نہیں ہے۔ اقتدار بھی بی جے پی والوں کو صرف دولت کمانے کے لیے چاہیے۔‘‘ یادو نے مزید کہا، ’’بی جے پی اب دھوکے اور بے وفائی کا دوسرا نام بن چکی ہے۔
بی جے پی جائے گی تو ہر انسان چین پائے گا!‘‘ ایس پی صدر نے اس پوسٹ کے ساتھ دو منٹ اور 19 سیکنڈ کی ایک ویڈیو کلپ بھی شیئر کی، جس میں لکھیم پور کھیری ضلع کے رہائشی اور رام مندر تحریک کے دوران مبینہ طور پر 22 دن جیل میں رہ چکے سنجیو جائسوال نامی شخص کو حکومت پر طنز کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔