لکھنؤ/ آواز دی وائس
سماجوادی پارٹی (سپا) کے صدر اکھلیش یادو نے حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور الیکشن کمیشن پر ملی بھگت کا الزام لگاتے ہوئے ہفتہ کو دعویٰ کیا کہ حکومت ووٹر لسٹ کے ایس آئی آر (خصوصی گہرا جائزہ) کے بہانے ووٹ ڈالنے کا حق چھیننے کی کوشش کر رہی ہے۔
یادو نے ایس آئی آر مہم کے دوران ڈیوٹی پر موجود ایک بی ایل او کی مبینہ طور پر فالج کے باعث موت کے بعد اس کے اہلِ خانہ کو دو لاکھ روپے کی مالی مدد فراہم کرنے کے بعد سپا ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔
یادو نے پریس کانفرنس میں الزام لگایا کہ یہ (ایس آئی آر) سوچا سمجھا منصوبہ ہے، ایک حکمتِ عملی ہے۔ ڈاکٹر بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کے دئے ہوئے آئین کے تحت جو حقِ رائے دہی ہمیں ملا ہے، اسے چھیننے کی تیاری ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ (مرکزی حکومت اور الیکشن کمیشن) ایس آئی آر کے بہانے ووٹ ڈالنے کا حق چھین رہے ہیں۔ ریزرویشن، آپ کی شناخت چھینیں گے اور طرح طرح کا دباؤ بنائیں گے۔ سپا صدر نے 14 نومبر کو فالج سے وفات پانے والے بی ایل او وجے کمار ورما کا ذکر کرتے ہوئے سنگین الزامات عائد کیے۔ یادو نے کہا کہ حکومت کے لوگ یہ دباؤ بنا رہے ہیں کہ وہ (بی ایل او) ڈیوٹی پر نہیں تھے اور پہلے سے بیمار تھے۔
بی ایل او ورما کے اہلِ خانہ نے میڈیا کے سامنے کہا کہ وہ (ورما) شِکشا متر تھے، اُن کی ڈیوٹی بی ایل او میں لگائی گئی تھی۔ انہیں 14 تاریخ کو فالج ہوا اور وہ اسی دن کام پر گئے تھے۔ رات 11 بجے تک وہ بیٹھ کر کام کر رہے تھے، تبھی کرسی سے گر پڑے۔ ہم انہیں اسپتال لے گئے، جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ انہیں فالج ہوا ہے۔
مرحوم کی اہلیہ نے الزام لگاتے ہوئے سوال اٹھایا کہ ایک افسر کہہ رہا ہے کہ وہ پہلے ہی ڈیوٹی سے فارغ تھے، اگر 14 تاریخ کو کام کر رہے تھے تو فارغ کیسے ہو گئے؟ انتظامیہ کی طرف سے کوئی مدد نہیں ملی اور الٹا جھوٹا الزام لگایا جا رہا ہے۔ یادو نے اہلِ خانہ کو دو لاکھ روپے کا چیک دیتے ہوئے کہا کہ فی الحال پارٹی کی جانب سے ہم دو لاکھ روپے دے رہے ہیں۔ ہماری مانگ ہے کہ حکومت اس خاندان کو ایک کروڑ روپے امداد دے اور سرکاری نوکری کے ساتھ تمام سرکاری اسکیموں سے جوڑا جائے۔
سپا صدر نے بی ایل او کے خاندان کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ڈیوٹی کے دوران بی ایل او کی موت ہوئی، مگر افسران دباؤ بنا رہے ہیں اور یہ سازش رچی جا رہی ہے کہ وہ ڈیوٹی پر نہیں تھے۔ جہاں وہ شِکشا متر تھے، اُس اسکول پر بھی یہ دباؤ ہے کہ وہ پہلے سے بیمار تھے۔
یادو نے کہا کہ سپا کی پہلے دن سے یہ مانگ ہے کہ اس طرح کا کام کا دباؤ نہ ڈالا جائے۔ یہ نہایت ذمہ داری اور احتیاط کا کام ہے اور بہت حساس معاملہ ہے۔ ایک بار فارم مسترد ہو گیا اور ووٹ نہیں بنا تو پھر تمام کاغذ لے کر چکر کاٹنے پڑیں گے۔
سابق وزیر اعلیٰ نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایس آئی آر ہے… آخر بی جے پی اتنی جلدبازی میں کیوں ہے؟ الیکشن کمیشن اور بی جے پی ملے ہوئے ہیں اور دونوں عجلت میں کام کر رہے ہیں۔
سپا صدر نے سوال اٹھایا کہ میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ اتر پردیش میں لگاتار شادیاں ہو رہی ہیں اور شادیوں کے وقت لوگوں کو ایک دوسرے کے یہاں آنا جانا اور تیاریوں میں مصروف رہنا ہوتا ہے۔ ایسے وقت میں پورے صوبے کا ایس آئی آر اتنے کم وقت میں کرنے کی کیا ضرورت ہے؟
انہوں نے موجودہ انتظامات پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ یہاں تک کہ ذمہ داری نگر پالیکا کے صفائی کارکنوں کو بھی دے دی گئی ہے۔ فارم میں اتنی تکنیکی باتیں ہیں مگر بی ایل او کا معاون صفائی کارکن کو بنایا گیا ہے۔ اور فارم تقسیم کرنے میں جو جلدبازی کی جا رہی ہے… بظاہر حکومت کہہ رہی ہے کہ تمام فارم بانٹے جا چکے ہیں، مگر حقیقت کچھ اور ہے۔