الیکشن کمیشن کی پشت پر بی جے پی ہے:ممتا بنرجی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 24-03-2026
الیکشن کمیشن کی پشت پر بی جے پی ہے:ممتا بنرجی
الیکشن کمیشن کی پشت پر بی جے پی ہے:ممتا بنرجی

 



کولکاتا: مغربی بنگال کی وزیرِ اعلیٰ ممتا بنرجی نے منگل کو الزام لگایا کہ الیکشن کمیشن کے ایک خط پر مبینہ طور پر بی جے پی کی مہر لگنے کے بعد یہ بات شک سے بالاتر ہو گئی ہے کہ کون سی پارٹی پسِ پردہ کمیشن کو چلا رہی ہے۔ الیکشن کمیشن کی ایک دستاویز پر بی جے پی کیرالہ یونٹ کی مہر پائے جانے کے بعد پیر کے روز سیاسی تنازع کھڑا ہو گیا تھا۔

بنرجی نے شمالی بنگال کے باگڈوگرا روانہ ہونے سے قبل کولکاتا ہوائی اڈے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، الیکشن کمیشن کی نوٹیفکیشن پر بی جے پی کی مہر لگنے سے یہ واضح ہو گیا ہے کہ پسِ پردہ کمیشن کو کون چلا رہا ہے۔ حقیقت سامنے آ گئی ہے۔ انہوں نے اپنے دعووں کی تائید کے لیے اس تنازع سے متعلق ایک اخبار میں شائع ہونے والی خبر بھی دکھائی۔

بنرجی نے الیکشن کمیشن کے اس بیان کو مسترد کر دیا جس میں اسے محض ایک غلطی قرار دیا گیا تھا، اور کہا، "یہ کوئی دفتری غلطی نہیں بلکہ ایک سیاسی سازش ہے۔" انہوں نے کہا کہ اس تنازع کے بعد انتخابات کے انعقاد میں الیکشن کمیشن کی غیر جانبداری پر سنگین سوالات اٹھ رہے ہیں۔

انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ ایک ساتھ آئیں اور الیکشن کمیشن کی مدد سے ایک ہی پارٹی کی حکمرانی نافذ کرنے کی کوشش کے خلاف لڑیں۔ انہوں نے کہا، یہ اہم نہیں کہ اپوزیشن جماعتیں بائیں بازو کی ہیں یا دائیں بازو کی۔ میں ان سے درخواست کرتی ہوں کہ وہ متحد ہوں، الیکشن کمیشن کی حمایت سے قائم یک جماعتی نظام کے خلاف آواز اٹھائیں، ملک میں جمہوریت کو بچائیں اور آزاد و منصفانہ انتخابات کو یقینی بنائیں۔