تین دن میں برتھ سرٹیفکیٹ، ریکھا گپتا کا نیا پلان

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 19-09-2025
تین دن میں برتھ سرٹیفکیٹ، ریکھا گپتا کا نیا پلان
تین دن میں برتھ سرٹیفکیٹ، ریکھا گپتا کا نیا پلان

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
دہلی حکومت تمام اسپتالوں اور صحت اداروں کو یہ اختیار دینے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے کہ وہ بچے کی پیدائش کے تین دن کے اندر یا اسپتال سے ڈسچارج کے وقت ہی پیدائش کا سرٹیفکیٹ جاری کریں۔ پیدائش کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کا عمل اکثر طویل اور پیچیدہ ہوتا ہے، جس میں 28 دن سے لے کر ایک مہینے تک کا وقت لگ سکتا ہے۔ والدین کو یہ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لیے اکثر ایک میونسپل دفتر سے دوسرے دفتر کے چکر لگانے پڑتے ہیں۔
ایک سینئر سرکاری افسر نے بتایا کہ اس فیصلے کا بنیادی مقصد اس عمل کو آسان اور منظم بنانا، میونسپل اور ضلعی دفاتر پر دباؤ کم کرنا اور والدین کو بغیر کسی دقت کے یہ سرٹیفکیٹ فراہم کرنا ہے۔ اس کے علاوہ اس نظام سے حکومت کو اسپتالوں میں پیدا ہونے والے بچوں اور اموات کے درست اعداد و شمار بھی مل سکیں گے۔
اسپتال میں پہلے ہی درج ہوتا ہے مکمل ریکارڈ
فی الحال، جب کوئی بچہ اسپتال میں پیدا ہوتا ہے تو ماں اور بچے کی تمام تفصیلات اسپتال میں درج کی جاتی ہیں ۔ ماں کے داخل ہونے سے لے کر بچے کی پیدائش اور ڈسچارج تک۔ لیکن پیدائش کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لیے والدین کو سات دن کے اندر دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) یا نئی دہلی میونسپل کارپوریشن (این ڈی ایم سی) کے دفتر جانا پڑتا ہے یا ای-ڈسٹرکٹ پلیٹ فارم پر آن لائن درخواست دینا پڑتی ہے، جس میں کئی طرح کے تصدیقی مراحل شامل ہوتے ہیں۔
افسر نے مزید بتایا کہ ہندوستان کے رجسٹرار جنرل (آر جی آئی) نے پیدائش و اموات کے اندراج کے قانون میں ترمیم کر کے نئے رہنما اصول جاری کیے ہیں۔ حکومت نے مقامی اداروں اور محکمہ صحت کے ساتھ میٹنگ کر کے تمام ریونیو اضلاع کو ہدایت دی ہے کہ اسپتالوں اور ہیلتھ سینٹروں کے تعاون سے اسے زمینی سطح پر نافذ کریں۔
ڈاکٹروں کو سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا اختیار
افسران نے بتایا کہ حال ہی میں صحت خدمات کے ڈائریکٹر جنرل، محکمہ صحت و خاندانی بہبود کے سکریٹری، ایم سی ڈی کمشنر، این ڈی ایم سی چیئرمین اور دہلی چھاؤنی بورڈ کو خط بھیج کر شہر کے اسپتالوں میں اس نئی پہل کو نافذ کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔
افسران کے مطابق، اب والدین کو اس طرح کے بنیادی دستاویز کے لیے ادھر ادھر نہیں جانا پڑے گا۔ اس نظام کے تحت زچگی کے وقت موجود ڈاکٹر کو پیدائش کا سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا اختیار ہوگا۔ اسپتال، جو پہلے سے ہی اپنے سسٹم میں تمام تفصیلات درج کرتے ہیں، اب یہ معلومات شہری رجسٹریشن سسٹم پر اپ لوڈ کریں گے۔ اس طرح سرٹیفکیٹ ڈیجیٹل طور پر تیار ہو سکے گا اور والدین کو اسپتال چھوڑنے سے پہلے ہی یہ فراہم کر دیا جائے گا۔
افسران نے کہا کہ یہ پہل دہلی میں ڈیجیٹلائزیشن، کاروبار میں آسانی اور پیدائش کے حقیقی وقت پر رجسٹریشن کے لیے حکومت کی وسیع کوششوں کا حصہ ہے۔ اس اسکیم کو مؤثر طریقے سے نافذ کرنے کے لیے ایک بین المحکمہ جاتی کوآرڈینیشن کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔ فی الحال این ڈی ایم سی اور دہلی چھاؤنی بورڈ کے تحت 12 ایم سی ڈی زون اور تین اسپتال ہیں، جہاں پیدائش کے سرٹیفکیٹ کے لیے درخواست دی جاتی ہے۔
اقتصادی و شماریاتی ڈائریکٹوریٹ نے محکمہ صحت اور میونسپل اداروں کو لکھے خط میں کہا ہے کہ پیدائش کے سرٹیفکیٹ کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو دیکھتے ہوئے اب یہ وقت کی ضرورت ہے کہ نومولود کی ماں کو اسپتال سے ڈسچارج ہونے سے پہلے ہی یہ سرٹیفکیٹ دے دیا جائے، خاص طور پر سرکاری اسپتالوں میں جہاں 50 فیصد سے زیادہ ولادتیں ہوتی ہیں۔
افسران نے بتایا کہ پورے ملک کے تمام سرکاری اسپتال، کمیونٹی ہیلتھ سینٹر اور پرائمری ہیلتھ سینٹر رجسٹریشن یونٹ کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ میونسپل اداروں کو ان یونٹوں کے رجسٹراروں کو نئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جلد ہی رجسٹراروں کے لیے تربیتی سیشن منعقد کیے جائیں گے۔ آنے والے دنوں میں اس پہل کا آغاز آر ایم ایل اسپتال سے کیا جائے گا۔