نئی دہلی/ آواز دی وائس
پارلیمنٹ کے مانسون سیشن کے آغاز سے ہی بہار میں ووٹر لسٹوں کے خصوصی گہرے جائزے (ایس آئی آر) کے مسئلے پر لوک سبھا میں ہنگامہ کر رہے اپوزیشن ممبران کو نصیحت کرتے ہوئے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے جمعہ کو کہا کہ عوام نے آپ کو اتنا بڑا موقع دیا ہے، اسے نعروں اور تختیاں دکھا کر ضائع مت کیجیے۔
مانسون اجلاس کا آغاز 21 جولائی کو ہوا تھا اور آج ایوان کی کارروائی کا دسواں دن تھا۔ اس دوران صرف دو دن یعنیٰ منگل اور بدھ کو سوال و جواب کا سیشن بغیر کسی رکاوٹ کے مکمل ہو سکا۔ آپریشن سیندور پر خصوصی بحث اور منی پور میں صدر راج کی توسیع سے متعلق قانونی قرارداد کو منظوری کے علاوہ کوئی اہم قانون سازی کا کام نہیں ہو پایا۔
جمعہ کو بھی کارروائی شروع ہوتے ہی اپوزیشن کے ممبران نے ایس آئی آر کے مسئلے پر نعرے بازی شروع کر دی۔ وہ اس موضوع پر ایوان میں بحث کا مطالبہ کر رہے تھے۔ ہنگامے کی وجہ سے اجلاس چند ہی منٹوں میں دوپہر دو بجے تک ملتوی کر دیا گیا اور سوال و جواب کا سیشن منعقد نہیں ہو سکا۔
اجلاس کے ملتوی ہونے کے اعلان سے قبل اسپیکر برلا نے نعرے بازی کرنے والے ممبران سے درخواست کی کہ ایوان کی وقار کو برقرار رکھیں۔ سوال و جواب کا وقت بہت اہم ہوتا ہے۔ آپ نعرے بازی اور تختیاں دکھا کر دوسرے ممبران کا حق نہیں چھین سکتے۔ یہ غلط طریقہ، غلط رویہ اور غلط برتاؤ ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ نعرے بازی اور تختیاں لہرا کر عوام کی آواز نہیں اٹھا رہے۔ عوام نے آپ کو جو اتنا بڑا موقع دیا ہے، اسے یوں ضائع نہ کریں۔ برلا نے بعض سینئر لیڈروں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ جیسے سینئر ممبران کا یہ رویہ مناسب نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر جمہوریت کو مضبوط بنانا ہے تو ممبران کو سوال اٹھانے دینے ہوں گے تاکہ حکومت کی جوابدہی طے ہو سکے۔
برلا نے احتجاج کرنے والے ممبران سے کہا کہ میں روز آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ ایوان کی کارروائی چلنے دیں۔ ممبران کو سوال اٹھانے دیں۔ عوام کی امیدوں اور خواہشات کو پورا ہونے دیں اور ملک کو آگے بڑھانے میں اپنا تعاون دیں۔ ملک میں جو تبدیلیاں ہو رہی ہیں، ان پر یہاں اپنی بات رکھیں۔