نئی دہلی
حکومت نے جمعرات کے روز لوک سبھا میں حزبِ اختلاف کے احتجاج کے درمیان خواتین کے ریزرویشن کے قانون میں ترمیم اور حلقہ بندی سے متعلق تین بل پیش کیے۔مرکزی وزیرِ قانون ارجن رام میگھوال نے “آئین (131واں) ترمیمی بل 2026” اور “حلقہ بندی بل، 2026” پیش کیے، جبکہ مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ نے “مرکزی زیرِ انتظام علاقوں کے قوانین (ترمیمی) بل، 2026” پیش کیا۔
“آئین (131واں) ترمیمی بل 2026” پیش کرنے کی تجویز کے حق میں 251 ووٹ اور مخالفت میں 185 ووٹ پڑے۔اس سے قبل کانگریس، سماجوادی پارٹی، دراوڑ منیتر کڑگم اور دیگر حزبِ اختلاف کے رہنماؤں نے ان بلوں کو “غیر آئینی” قرار دیتے ہوئے ان کے پیش کیے جانے کے وقت پر سوال اٹھائے۔
کانگریس کے کے سی وینوگوپال نے تینوں بلوں کو ہندوستان کے وفاقی ڈھانچے پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آخر ان بلوں کو اس وقت لانے کا مقصد کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں نے 2023 میں ہی متفقہ طور پر خواتین کے ریزرویشن کا بل منظور کر لیا تھا، تو حکومت نے اسی وقت اسے نافذ کیوں نہیں کیا؟
وینوگوپال نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ 2029 کے لوک سبھا انتخابات سے خوفزدہ ہیں۔ آپ غیر آئینی بل لا رہے ہیں، انہیں واپس لیا جانا چاہیے۔سماجوادی پارٹی کے اکھلیش یادو نے سوال کیا کہ حکومت کو ان بلوں کو لانے کی اتنی جلدی کیوں ہے؟
سماجوادی پارٹی کے دھرمیندر یادو نے تینوں بلوں کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ میں آئینی بنیادوں پر ان کی سخت مخالفت کرتا ہوں۔ پارلیمنٹ کی ذمہ داری آئین کا تحفظ کرنا ہے، لیکن ان بلوں سے آئین کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ جس طرح حلقہ بندی کو مردم شماری سے الگ کیا جا رہا ہے، وہ آئین کی روح کے خلاف ہے۔مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ نے کہا کہ بل پیش کیے جانے سے پہلے ان کے فائدے اور نقصانات پر بحث نہیں ہو سکتی اور اراکین ابھی صرف تکنیکی بنیاد پر اعتراض کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس مرحلے پر اراکین کو صرف یہ اعتراض کرنا چاہیے کہ بل پیش کیے جا سکتے ہیں یا نہیں۔امت شاہ نے اسپیکر اوم برلا سے کہا کہ آپ بحث کے دوران حزبِ اختلاف کو پورا موقع دیجئے، ہم بھی بھرپور جواب دیں گے۔
لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے بھی قواعد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اراکین بل پر بحث کے دوران اپنے اعتراضات پیش کر سکتے ہیں۔ترنمول کانگریس کی رکنِ پارلیمنٹ کاکولی گھوش دستی دار نے ان بلوں کو “غیر آئینی” قرار دیا۔
آر ایس پی کے این کے پریم چندرن نے کہا کہ یہ آئینی ترمیمی بل خواتین کے ریزرویشن کے لیے نہیں بلکہ حلقہ بندی کے لیے لایا گیا ہے، اور یہی بنیادی اعتراض ہے۔دراوڑ منیتر کڑگم کے رہنما ٹی آر بالو نے تینوں بلوں کو “سینڈوچ بل” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں اور حکومت کو الگ الگ بل لانے چاہیے تھے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پہلے ہی خواتین کا ریزرویشن نافذ کر سکتی تھی۔اے آئی ایم آئی ایم کے اسد الدین اویسی نے کہا کہ ان بلوں کے منظور ہونے سے ہندی بولنے والے علاقوں سے پارلیمنٹ میں نمائندگی بڑھے گی، جبکہ جنوبی ریاستوں میں عوام کی نمائندگی کم ہو جائے گی۔
انہوں نے حکومت پر وفاقی ڈھانچے کی خلاف ورزی کرنے اور دیگر پسماندہ طبقات اور مسلمانوں کی نمائندگی کم کرنے کی کوشش کا بھی الزام لگایا۔امت شاہ نے کہا کہ خواتین کے ریزرویشن کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے یہ تینوں بل ایک ساتھ ضروری ہیں، اسی لیے انہیں ایک ساتھ پیش کیا گیا ہے۔