بیكانیر،: ہر سال کی طرح اس سال بھی "سیاحت لیکھک سنگھ - محفلِ ادب" کے زیر اہتمام اتوار کو ہوٹل مرودھر ہیریٹیج میں 1935 میں تحریر کی گئی "اردو رامائن" کا باضابطہ آغاز کیا گیا۔ یہ رامائن یہاں 2012 سے مسلسل پڑھی جا رہی ہے۔ بیکانیر میں ہر سال دیوالی کے موقع پر ’محفلِ رامائن‘ کا انعقاد ایک خوبصورت روایت بن چکی ہے۔ یہ محفل نہ صرف شعری ذوق کی علامت ہے بلکہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کی ایک روشن مثال بھی پیش کرتی ہے۔
اس روایت کی جڑیں اُس وقت سے جڑی ہیں جب 1935 میں بیکانیر کے معروف شاعر اور استاد مولوی بادشاہ حسین خان رعنا لکھنوی نے اپنے ایک کشمیری پنڈت شاگرد کے اصرار پر رامائن کو اردو نظم کی صورت میں قلم بند کیا تھا۔
یہ منظوم رامائن بعد میں بنارس ہندو یونیورسٹی میں پیش کی گئی، جہاں اسے پہلا انعام اور گولڈ میڈل دیا گیا۔ بیکانیر کے مہاراجہ گنگا سنگھ نے اس نایاب تخلیق کو اس قدر سراہا کہ اسے اسکولی نصاب میں شامل کر دیا۔مولوی رعنا نہ صرف اردو و فارسی کے استاد تھے بلکہ ان کی شاعری میں اتحاد، احترامِ مذاہب اور انسان دوستی کی گہری جھلک ملتی ہے۔ یہی جذبہ ان کی اردو رامائن میں بھی نمایاں ہے، جو آج بھی بیکانیر میں ہر دیوالی پر فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے استعارے کے طور پر پڑھی جاتی ہے۔
بیکانیر میں اردو منظوم رامائن
— Awaz-The Voice URDU اردو (@AwazTheVoiceUrd) October 21, 2025
دیوالی پر فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا نمونہ
Bikaner - Poetic Ramayana in Urdu
An example of communal harmony on Diwali#Ramayana #Bikaner #Diwali pic.twitter.com/ARBe69CYYN
ابتدا میں ڈاکٹر ضیاالْحسن قادری نے بتایا کہ 1935 میں بنارس ہندو یونیورسٹی نے تُلسی داس جینتی کے موقع پر اردو میں "رامائن نظم" لکھنے کا آل انڈیا مقابلہ منعقد کیا تھا۔ اس میں بیكانیر کے اُس وقت کے اردو پروفیسر بادشاہ حسین خان رانا نے ایک کشمیری پنڈت کی فرمائش پر، جو اُس وقت بیج سے جیل میں افسر تھے اور ان سے فارسی پڑھا کرتے تھے، اردو میں "رامائن" نظم لکھی اور بنارس یونیورسٹی کو بھیجی۔ یہ نظم پورے ملک میں پہلا انعام حاصل کرنے میں کامیاب رہی، اور بنارس ہندو یونیورسٹی نے اسے گولڈ میڈل سے نوازا۔
مہاراجہ گنگا سنگھ جی نے ناگری بھنڈار میں ایک تقریب منعقد کی، جہاں رانا صاحب نے خود اردو رامائن کی قرأت کی۔ اسی موقع پر اردو کے ممتاز ادیب سر تیج بہادر سپرو نے یونیورسٹی کی جانب سے رانا صاحب کو گولڈ میڈل پیش کیا۔
ذاکر حسین کالج، دہلی کی پروفیسر ڈاکٹر مکل چترویدی نے اس اردو رامائن کا انگریزی ترجمہ کیا ہے۔
بیکانیر میں اردو منظوم رامائن
— Awaz-The Voice URDU اردو (@AwazTheVoiceUrd) October 21, 2025
دیوالی پر فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا
نمونہ Bikaner - Poetic Ramayana in Urdu An example of communal harmony on Diwali #Ramayana #Bikaner #Diwali pic.twitter.com/Eonmv5KaZD
اس موقع پر ڈاکٹر ضیاالْحسن قادری، ذاکر ادیب اور اسد علی اسد نے اردو رامائن کا پُراثر وکیا، جسے سامعین نے بےحد سراہا۔ نظم کی کئی خوبصورت سطریں دوبارہ پڑھوائی گئیں، مثلاً
رنج و حسرت کی گھٹا سیتا کے دل پر چھا گئی
گویا جُوہی کی کلی تھی اوس سے مرجھا گئی
جنگ کے منظر کو بھی خوب پسند کیا گیا:
تھوڑے دن میں جنگ کے بھی ساز و ساماں ہو گئے
خون سے رنگین سب کوہ و بیاباں ہو گئے
یہ بھی کچھ زخمی ہوئے کچھ وہ بھی بے جاں ہو گئے
قتلِ راون کے سب آثار اب نمایاں ہو گئے
دیکھنے کو ظاہرًا ہنومان جی کی چل گئی
ورنہ سیتا کی یہ آہیں تھیں کہ لنکا جل گئی
یہ ادبی محفل بیكانیر کی گنگاجمنی تہذیب اور اردو زبان کے تاریخی ورثے کی ایک خوبصورت یاد دہانی بن گئی۔