بہار میں ووٹر لسٹ کی جانچ کا معاملہ سپریم کورٹ پہنچا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 05-07-2025
بہار میں ووٹر لسٹ کی جانچ کا معاملہ سپریم کورٹ پہنچا
بہار میں ووٹر لسٹ کی جانچ کا معاملہ سپریم کورٹ پہنچا

 



نئی دہلی: بہار میں اسمبلی انتخابات سے قبل ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری جانچ کا معاملہ سپریم کورٹ پہنچ گیا ہے۔یہ اب تنازعے کی شکل اختیار کر چکا ہے ۔ ایسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمز نے الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کو عدالت عظمیٰ میں چیلنج کرتے ہوئے درخواست داخل کی ہے۔

اے ڈی آر کا کہنا ہے کہ 24 جون 2025 کو جاری کیا گیانظر ثانی کا حکم اگر منسوخ نہیں کیا گیا تو لاکھوں ووٹروں کو بغیر کسی معقول وجہ اور مناسب طریقہ کار کے ان کے حق رائے دہی سے محروم کیا جا سکتا ہے۔ یہ آزاد، منصفانہ انتخابات اور جمہوریت کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہے، جو کہ آئین کے بنیادی ڈھانچے کا حصہ ہیں۔ یہ حکم برابری اور جینے کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کرتا ہے اور ساتھ ہی عوامی نمائندگی ایکٹ 1950 اور ووٹر رجسٹریشن قواعد 1960 کی بھی خلاف ورزی ہے۔

اس لیے اس حکم کو کالعدم قرار دیا جانا چاہیے۔ اے ڈی آر کا مزید کہنا ہے کہ بہار میں اس خصوصی جانچ کے لیے سخت دستاویزی تقاضے رکھے گئے ہیں، عمل میں شفافیت کا فقدان ہے، اور بہت ہی کم وقت دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے یہ اندیشہ ہے کہ بہت سے حقیقی ووٹروں کے نام ووٹر لسٹ سے غلط طریقے سے حذف ہو سکتے ہیں، اور وہ مؤثر طریقے سے ووٹ دینے کے حق سے محروم ہو سکتے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے اس حکم کے ذریعے یہ ذمہ داری ریاست سے اٹھا کر عام شہریوں پر ڈال دی ہے کہ وہ خود اپنی اہلیت ثابت کریں۔ ساتھ ہی آدھار کارڈ اور راشن کارڈ جیسے عام شناختی دستاویزات کو تسلیم نہ کرکے یہ عمل خاص طور پر غریب اور پسماندہ طبقات پر بوجھ بن گیا ہے۔

مزید تشویش کی بات یہ ہے کہ نظرثانی کے حکم کے تحت ووٹروں سے نہ صرف اپنی شہریت بلکہ اپنے والدین کی شہریت کے ثبوت بھی مانگے جا رہے ہیں، جو آئین کے آرٹیکل 326 کی خلاف ورزی ہے۔ اگر کوئی یہ دستاویزات نہ دے پائے تو اس کا نام مسودہ ووٹر لسٹ سے ہٹا دیا جائے گا یا مکمل طور پر خارج کر دیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن نے یہ ساری مشق ایک ناقابل عمل اور غیر معقول وقت میں شروع کی ہے، جب کہ ریاست میں نومبر 2025 میں انتخابات ہونے والے ہیں۔

لاکھوں ایسے شہری ہیں جن کے نام 2003 کی ووٹر لسٹ میں موجود نہیں تھے، اور ان کے پاس نئے حکم کے مطابق مطلوبہ دستاویزات بھی نہیں ہیں۔ محدود وقت کی وجہ سے وہ یہ کاغذات مہیا بھی نہیں کر سکتے۔ بہار ایک ایسا صوبہ ہے جہاں غربت اور مزدوروں کی نقل مکانی بہت زیادہ ہے۔ یہاں کی بڑی آبادی کے پاس نہ تو پیدائش کے سرکاری کاغذات ہیں اور نہ ہی اپنے والدین کے شہریت کے دستاویزات۔

درخواست گزار کا اندازہ ہے کہ 3 کروڑ سے زیادہ ووٹر، خاص طور پر دلت، قبائلی اور مہاجر مزدور طبقہ، نظرثانی کے تحت عائد کیے گئے سخت تقاضوں کی وجہ سے اپنے ووٹ کے حق سے محروم ہو سکتے ہیں۔ بہار سے موصولہ حالیہ رپورٹیں بھی اسی جانب اشارہ کرتی ہیں کہ دیہی اور محروم طبقات کے کروڑوں ووٹروں کے پاس مطلوبہ کاغذات نہیں ہیں۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ بہار میں ووٹر لسٹ کی آخری گہری جانچ 2003 میں کی گئی تھی، اس لیے اب یہ مہم ضروری ہو گئی تھی۔ اس جانچ کے لیے ایک فارم تیار کیا گیا ہے، گنتی فارم کہا جاتا ہے۔ جن ووٹروں کے نام 1 جنوری 2003 کی ووٹر لسٹ میں موجود ہیں، انہیں صرف یہی فارم بھر کر جمع کرانا ہوگا، اور ان سے کسی اضافی دستاویز کی ضرورت نہیں ہے۔ بہار میں ایسے ووٹروں کی تعداد تقریباً 4.96 کروڑ ہے۔ الیکشن کمیشن نے 2003 کی ووٹر لسٹ اپنی ویب سائٹ پر بھی شائع کر دی ہے۔