بہار:یہ آئین کو بچانے کی لڑائی ہے: راہل گاندھی،تیجسوی کی ریلی

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 17-08-2025
بہار:یہ آئین کو بچانے کی لڑائی ہے: راہل گاندھی،تیجسوی کی ریلی
بہار:یہ آئین کو بچانے کی لڑائی ہے: راہل گاندھی،تیجسوی کی ریلی

 



 ساسارام: کانگریس رہنما راہل گاندھی نے ایک بار پھر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) پر جمہوریت اور آئین کو ختم کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ انہوں نے کہا: یہ آئین کو بچانے کی لڑائی ہے کیونکہ بی جے پی اور آر ایس ایس پورے ہندوستان میں آئین کو مٹانے کا کام کر رہے ہیں۔

راہل گاندھی نے دعویٰ کیا کہ جہاں بھی انتخابات ہوتے ہیں، وہاں بی جے پی دھاندلی سے جیت حاصل کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں ہمارا اتحاد جیتتا ہے، لیکن چند ماہ بعد بی جے پی کی جیت کا اعلان کر دیا جاتا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حالیہ تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ایک کروڑ نئے ووٹرز کو جعلی طریقے سے فہرست میں شامل کیا گیا، جس کے باعث لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات کے نتائج میں بڑا فرق آیا۔

انہوں نے ریاست کرناٹک کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ: ریکارڈز کا جائزہ لینے پر معلوم ہوا کہ صرف ایک اسمبلی حلقے میں ایک لاکھ ووٹروں کی چوری کی گئی دوسری جانب آر جے ڈی رہنما تیجسوی یادو نے 'ووٹ ادھیکار یاترا' کے دوران سخت الفاظ میں کہا کہ: ہم جمہوریت کو ختم نہیں ہونے دیں گے اور عوام کے حقوق کو چھیننے نہیں دیں گے۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ راہول گاندھی اور وہ مل کر عوام کے حق کے لیے لڑائی جاری رکھیں گے۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور الیکشن کمیشن پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ: بہار کو دھوکہ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ لیکن یاد رکھیں، بہار میں کسی کو 'چونا' نہیں لگایا جاتا بلکہ یہاں 'چونا رگڑ کر چبایا جاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کی سیاست صرف وعدوں پر نہیں بلکہ عملی کام پر مبنی ہے: ہم نے جو کہا، وہ کیا، اور جو کہیں گے، وہ ضرور کریں گے۔یہ چوری نہیں بلکہ جمہوریت پر ڈکیتی ہے - تیجسوی یادو نے بی جے پی اور الیکشن کمیشن کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر نے ہمیں ووٹ کا اختیار دے کر طاقتور بنایا، لیکن بی جے پی اس اختیار کو چھیننا چاہتی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ: الیکشن کمیشن وزیر اعظم کے اشارے پر کام کر رہا ہے اور ووٹر لسٹ میں سنگین گڑبڑ کی گئی ہے۔ تیجسوی نے طنز کرتے ہوئے کہا:جن لوگوں کو ووٹر لسٹ میں مردہ قرار دیا گیا، انہی لوگوں کے ساتھ راہل گاندھی نے چائے پی، جو الیکشن کمیشن کی بے ضابطگیوں کو بے نقاب کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ: یہ محض چوری نہیں بلکہ جمہوریت پر کھلی ڈکیتی ہے۔ کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے بہار کے شہر ساسارام میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ سرزمین رام بابو جگجیون رام کی کرم بھومی (عمل کی سرزمین) رہی ہے، جہاں سے وہ عمر بھر ذات پات اور امتیازی سلوک کے خلاف لڑتے رہے۔

انہوں نے یاد دلایا کہ میرا کمار یہاں سے دو بار رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئیں  اور یہ سب کانگریس کی دین ہے۔ کھڑگے نے کہا کہ کانگریس ہمیشہ سب کو برابر کا درجہ دے کر جوڑتی ہے اور آج بھی رائے دہی کے حق کی حفاظت کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا: ملک کو آزادی ملنے کے بعد تمام شہریوں کو ووٹ کا حق ملا، لیکن آج نریندر مودی لال قلعے سے کھڑے ہو کر دھمکی آمیز لہجے میں کہتے ہیں: 'تمہارے ووٹ میں لے لوں گا۔ ملکارجن کھڑگے نے تنقید کرتے ہوئے سوال اٹھایا:جو آر ایس ایس آزادی کی جدوجہد کے خلاف تھا، وہ آج ملک کی خدمت کیسے کر سکتا ہے؟ آخر میں کھڑگے نے طنزیہ انداز میں کہا: اگر نریندر مودی لال قلعے سے تقریر کرتے ہیں، تو شاید ان کی روح خود ان سے سوال کرتی ہو گی۔