بہار : ووٹر لسٹ کی جانچ پر تیجسوی یادو کا اعتراض، الیکشن کمیشن کے دعووں کو مسترد کیا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 13-07-2025
بہار : ووٹر لسٹ کی جانچ پر تیجسوی یادو کا اعتراض، الیکشن کمیشن کے دعووں کو مسترد کیا
بہار : ووٹر لسٹ کی جانچ پر تیجسوی یادو کا اعتراض، الیکشن کمیشن کے دعووں کو مسترد کیا

 



پٹنہ: الیکشن کمیشن نے بہار میں ووٹر لسٹ کے نظرثانی کام کے دوران 80 فیصد فارم جمع ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔ اب اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے اس پر ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے اس دعوے کو زمین سے بالکل مختلف اور غلط قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی جگہوں پر جعلی طریقے سے فارم اپلوڈ کیے جا رہے ہیں۔ ہم نے اس معاملے پر سوالات بھی اٹھائے لیکن الیکشن کمیشن خاموش ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے سوال اٹھایا کہ الیکشن کمیشن نے یہ نہیں بتایا کہ کتنے فارم درست، شفاف اور قانونی طریقے سے بھرے گئے؟ ہمیں زمینی سطح سے مسلسل اطلاعات مل رہی ہیں کہ ووٹرز کی جانکاری یا اجازت کے بغیر بی ایل اوز (BLO) جعلی انگوٹھے یا دستخط لگا کر فارم اپلوڈ کر رہے ہیں۔

محض اپلوڈنگ کے اعداد و شمار دیے جا رہے ہیں، جب کہ کمیشن نے فارم کی تصدیق، رضامندی اور قانونی حیثیت کی کوئی ضمانت نہیں دی ہے۔ بہار کی ووٹر لسٹ میں بنگلہ دیش، میانمار اور نیپال کے لوگوں کی موجودگی الیکشن کمیشن نے حال ہی میں انکشاف کیا ہے کہ بہار کی ووٹر لسٹ میں بڑی تعداد میں بنگلہ دیش، نیپال اور میانمار کے غیر قانونی شہری شامل ہیں۔

سابق ڈپٹی سی ایم تیجسوی یادو نے الزام لگایا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے دستاویزات کے لچکدار استعمال کی ہدایت کے باوجود الیکشن کمیشن نے کوئی باضابطہ ترمیمی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا۔ یہ بھی واضح نہیں کیا گیا کہ کتنے فارم بغیر دستاویزات یا ووٹر کی براہ راست شرکت کے اپلوڈ کیے گئے؟

کمیشن نے سیاسی جماعتوں کی شرکت کا ذکر تو کیا، مگر یہ نہیں بتایا کہ ان کے نمائندوں (BLA) کو اصل جانچ کا اختیار دیا گیا یا صرف حاضری کی رجسٹری رکھی گئی۔ کئی اضلاع میں اپوزیشن جماعتوں کے بی ایل اے کو مطلع ہی نہیں کیا گیا اور فعال شرکت سے روکا گیا ہے۔ کئی رپورٹیں آئی ہیں کہ بی ایل او اور ای آر او پر 50 فیصد سے زیادہ فارم اپلوڈ کرنے کا دباؤ ڈالا جا رہا ہے، جس کی تحقیقات ہونی چاہیے۔

تیجسوی یادو نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر کامیابی کے دعوے کیے جا رہے ہیں، لیکن زمینی سطح پر سرور ڈاؤن، OTP کے مسائل، لاگ ان ایرر، دستاویزات اپلوڈ میں ناکامی، غلط میپنگ جیسے کئی تکنیکی مسائل سامنے آ رہے ہیں۔

ان مسائل کو نظر انداز کیا جا رہا ہے، اور بی ایل او یا ووٹر کے لیے کوئی مدد، ہیلپ لائن یا ٹکٹنگ پورٹل فراہم نہیں کیا گیا۔ 25 جولائی کی ڈیڈلائن سے پہلے ہی اپلوڈنگ مکمل کرنے کی بات ہو رہی ہے، جس سے معیار اور قانونی حیثیت کی بجائے صرف تعداد اور رفتار پر زور دیا جا رہا ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ یہ پوری SSR (Special Summary Revision) محض ایک دکھاوا ہے۔ الیکشن کمیشن نے پہلے سے ہی بی جے پی اور وزیراعظم نریندر مودی کے اشارے پر حلقہ وار ووٹرز کا جوڑ توڑ کر رکھا ہے۔ لیکن ہم بھی تیار ہیں، ہر ووٹر پر ہماری نظر ہے اور ہمارے پاس مکمل ڈیٹا موجود ہے۔

کیس سپریم کورٹ میں ہے۔ تیجسوی یادو نے کہا کہ اب کی بار بہار سے فیصلہ کن لڑائی ہوگی۔ برسراقتدار جماعت بہار کو گجرات سمجھنے کی غلطی نہ کرے۔ یہ جمہوریت کی جنم بھومی ہے۔ ہم سبق سکھائیں گے اور جمہوری عمل کو کمزور نہیں ہونے دیں گے۔ یہاں 90 فیصد ووٹرز محروم اور نظرانداز شدہ طبقات سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان کی روٹی چھینی جا سکتی ہے، ووٹ کا حق نہیں۔ مہاگٹھ بندھن پوری طرح چوکنا ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ جو لوگ بہار سے ہجرت کر چکے ہیں، ان کا ووٹر فارم کیسے اپلوڈ ہو گیا؟ جب کہ وہ اس عمل کے دوران بہار میں موجود ہی نہیں تھے، اور ان کی تعداد تقریباً 4 کروڑ ہے۔ الیکشن کمیشن کو وضاحت کرنی چاہیے کہ ان لوگوں کو ووٹر لسٹ میں کیسے شامل کیا جا رہا ہے؟

ہم نے بارہا مطالبہ کیا ہے کہ اسمبلی وار روزانہ کا لائیو ڈیش بورڈ فراہم کیا جائے، تاکہ اعداد و شمار میں شفافیت ہو۔ ہم مسلسل مطالبہ کرتے رہے ہیں کہ فارم بھرنے کے بعد ووٹر کو اس کی رسید دی جائے، مگر ایسا نہیں ہو رہا۔