پٹنہ: راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے قائم مقام صدر تیجسوی یادو نے بہار کے نئے وزیراعلیٰ سمراٹ چودھری کو مبارکباد دیتے ہوئے ان پر طنزیہ انداز میں تنقید بھی کی۔ بدھ کو جاری اپنے بیان میں تیجسوی یادو نے کہا کہ منتخب وزیراعلیٰ نتیش کمار کو عہدے سے ہٹانے کا وعدہ پورا کرنے پر مبارکباد، اور “منتخب کیے گئے” وزیراعلیٰ بننے پر سمراٹ چودھری کو دلی نیک خواہشات۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے نئے وزیراعلیٰ اس تلخ حقیقت سے بخوبی آگاہ ہوں گے کہ 21 سالہ نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کی حکمرانی کے باوجود بہار پالیسی کمیشن کے بیشتر پیمانوں، پائیدار ترقی کے اشاریوں، معیاری تعلیم، بہتر صحت نظام، امن و امان، آمدنی و سرمایہ کاری، خرچ و کھپت، روزگار، غربت و ہجرت، مساوی ترقی اور انسانی ترقی کے کئی اشاریوں میں قومی اوسط سے کافی پیچھے ہے۔
اپوزیشن لیڈر نے امید ظاہر کی کہ نئے وزیراعلیٰ بہار کی ترقی، خوشحالی، امن، ہم آہنگی، سلامتی اور ہمہ جہت ترقی کے لیے پختہ عزم کے ساتھ کام کریں گے اور بیرونی دباؤ کے سامنے بہاری عوام کے وقار پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ آخر میں انہوں نے سمراٹ چودھری کو ایک بار پھر دلی مبارکباد پیش کی۔