پٹنہ:سی ایم نتیش کمار کی صدارت میں منگل (02 ستمبر 2025) کو منعقدہ کابینہ کی میٹنگ میں جونیئر ڈاکٹروں کو حکومت نے تحفہ دیا۔ نتیش حکومت نے انٹرن شپ کر رہے جونیئر ڈاکٹروں کے وظیفے (اسٹائپنڈ) میں 7000 روپے کا اضافہ کیا ہے۔ پہلے 20 ہزار روپے ملتے تھے اور اب انہیں 27 ہزار روپے دیے جائیں گے۔
سرکاری میڈیکل کالج، ڈینٹل کالج، آیورویدک، یونانی اور ہومیوپیتھک، فارن میڈیکل اور سائنس گریجویٹ کے جونیئر ڈاکٹروں کو اس کا فائدہ ملے گا۔ وہیں فزیوتھراپی میں انٹرن شپ کرنے والوں کو پہلے 15 ہزار روپے ملتے تھے، اب انہیں 20 ہزار روپے ملیں گے۔ یعنی پانچ ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
’وزیر اعلیٰ خواتین روزگار یوجنا‘ کے لیے 20 ہزار کروڑ روپے کی رقم بہار ایمرجنسی فنڈ سے ایڈوانس کے طور پر اور ضرورت کے مطابق فنانس ڈپارٹمنٹ کے ذریعے فراہم کرنے کی منظوری کابینہ نے دے دی ہے۔ گزشتہ جمعہ (29 اگست 2025) کو نتیش کابینہ کی میٹنگ میں ’وزیر اعلیٰ خواتین روزگار یوجنا‘ کی منظوری ملی تھی۔ اس میں ہر خاندان کی ایک خاتون کو اپنی پسند کے روزگار کے لیے 10 ہزار روپے دینے کی اجازت دی گئی تھی۔
اس کے چھ مہینے بعد جائزہ لینے کے بعد دو لاکھ روپے کی اضافی امداد کی بھی منظوری کابینہ میں دی گئی تھی۔ پٹنہ ضلع کے پُنپُن پرکھنڈ کے دُمری میں ایک بڑا اسٹیڈیم بنایا جائے گا۔ اس میں کئی طرح کے کھیلوں کا انعقاد ہوگا۔ اس کے لیے 100 ایکڑ زمین کے حصول کی منظوری کابینہ سے دی گئی ہے۔ اس کے لیے 574 کروڑ 33 لاکھ 90 ہزار 125 روپے کی منظوری ملی ہے۔ اس اسٹیڈیم کے بننے سے قومی و بین الاقوامی سطح کی مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔