پٹنہ: سمراٹ چودھری کی حکومت کے قیام کے 22 دن بعد جمعرات کو کابینہ کی پہلی توسیع کی گئی۔ اس دوران 32 نئے وزراء کو حلف دلایا گیا۔ گورنر سید عطا حسین نے پٹنہ کے گاندھی میدان میں منعقدہ تقریب میں وزراء سے عہدے اور رازداری کا حلف لیا۔
حلف برداری پانچ پانچ وزراء کے گروپ میں کرائی گئی۔ بی جے پی کے کوٹے سے مِتھیلیش تیواری، نتیش مشرا، رام چندر پرساد، نند کشور رام اور کیدار گپتا سمیت کئی رہنماؤں کو وزیر بنایا گیا۔ تاہم سابق مرکزی وزیر منگل پانڈے کو اس بار کابینہ میں جگہ نہیں ملی۔
تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور وزیر صحت جے پی نڈا سمیت این ڈی اے کے کئی بڑے رہنما موجود تھے۔ اس بار کابینہ میں کئی نئے چہروں کو موقع دیا گیا ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے بیٹے نشانت کمار اور اُپندر کشواہا کے بیٹے دیپک پرکاش کو بھی وزیر بنایا گیا ہے۔
بی جے پی، جے ڈی یو، لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس)، ہم اور آر ایل ایم او کے رہنماؤں کو کابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔ کئی پرانے وزراء کو دوبارہ موقع ملا ہے جبکہ کچھ نئے رہنماؤں کو پہلی بار وزیر بنایا گیا ہے۔