بہار:روہنی آچاریہ کی پوسٹ سے سیاسی ہلچل

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 16-11-2025
بہار:روہنی آچاریہ کی پوسٹ سے سیاسی ہلچل
بہار:روہنی آچاریہ کی پوسٹ سے سیاسی ہلچل

 



پٹنہ: بہار انتخابات کے نتائج کے بعد آر جے ڈی کے سربراہ لالو یادو کے خاندان میں جاری کشیدگی کے درمیان روہنی آچاریہ کی ایک نئی پوسٹ ایکس (X) پر سامنے آئی ہے، جس نے سیاسی ہلچل مزید تیز کر دی ہے۔ چند دن قبل ہی انہوں نے سیاست چھوڑنے اور اپنے خاندان سے رشتہ توڑنے کا اعلان کیا تھا۔

اب ان کی تازہ پوسٹ میں جس انداز میں انہوں نے اپنا درد بیان کیا ہے، اس نے لوگوں میں حیرت کے ساتھ تشویش بھی بڑھا دی ہے۔ روہنی نے ایکس پر لکھا: "کل ایک بیٹی، ایک بہن، ایک شادی شدہ عورت، ایک ماں کو رسوا کیا گیا، گالیاں دی گئیں، مارنے کے لیے چپل اٹھایا گیا۔

میں نے اپنے خوددار ہونے کا سودا نہیں کیا، سچ سے سمجھوتہ نہیں کیا، اور صرف اسی وجہ سے مجھے ذلت برداشت کرنی پڑی۔ کل ایک بیٹی مجبوری میں اپنے روتے ہوئے ماں–باپ اور بہنوں کو چھوڑ کر آئی، مجھ سے میرا میکہ چھین لیا گیا… مجھے یتیم بنا دیا گیا۔ آپ سب میرے راستے کبھی نہ چلیں، کسی گھر میں روہنی جیسی بیٹی یا بہن پیدا نہ ہو۔

روہنی آچاریہ نے اپنے ایکس پوسٹ میں سیاست چھوڑنے اور خاندان سے مکمل طور پر ناطہ توڑنے کی بات کہی ہے۔ ان کے اس فیصلے نے سیاسی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ ہمیشہ اپنے والد لالو پرساد کے ساتھ نظر آنے والی روہنی کا یہ قدم اس بات کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ خاندان کے اندر حالات انتہائی کشیدہ ہو چکے ہیں۔

روہنی کے اس جذباتی بیان کے بعد یہ سوال اٹھنے لگے ہیں کہ خاندان کے اندر ایسی نوبت آخر آئی کیوں؟ خاص بات یہ ہے کہ آر جے ڈی خیمے یا لالو خاندان کی جانب سے اس معاملے پر اب تک کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ انتخابی نتائج سے پیدا ہوئی مایوسی اور خاندان کے اندر جاری کھینچا تانی کا اثر اب کھل کر سامنے آ رہا ہے۔ آر جے ڈی پہلے ہی انتخابی جھٹکے سے باہر نکلنے کی کوشش کر رہی ہے، ایسے میں خاندان میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پارٹی کے لیے نئی اور بڑی چنوتی بن سکتی ہے۔