بہار: ایس آئی آر پر کسی پارٹی نے تحریری اعتراض نہیں کیا: الیکشن کمیشن

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 20-08-2025
بہار: ایس آئی آر پر کسی پارٹی نے تحریری اعتراض نہیں کیا: الیکشن کمیشن
بہار: ایس آئی آر پر کسی پارٹی نے تحریری اعتراض نہیں کیا: الیکشن کمیشن

 



نئی دہلی،پٹنہ: انڈیا اتحاد الیکشن کمیشن پر لگاتار حملہ آور ہے۔ کانگریس کے سینئر رہنما راہل گاندھی، تیجسوی یادو اور دیگر اپوزیشن رہنما ووٹر ادھیکار یاترا (ووٹ کے حق کی یاترا) کے ذریعے ووٹر لسٹ کی نظرِ ثانی کے عمل کی مخالفت کر رہے ہیں۔ اب تک یہ یاترا روہتاس، نوادہ، نالندہ، گیا، اور شیخ پورہ جیسے اضلاع سے گزری ہے، جہاں راہل گاندھی اور دیگر اپوزیشن لیڈروں نے الیکشن کمیشن اور مرکزی حکومت پر کئی سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔

البتہ چونکا دینے والی بات یہ ہے کہ ووٹر لسٹ کا ڈرافٹ شائع ہونے کے 20 دن بعد بھی ابھی تک کسی بھی سیاسی جماعت کی جانب سے کوئی دعویٰ یا اعتراض درج نہیں کرایا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے بدھ کی صبح ووٹر لسٹ کی نظرِ ثانی کے عمل پر ایک روزانہ بلیٹن جاری کیا۔

اس میں کہا گیا ہے کہ: نئے ووٹر کارڈ کے لیے فارم بھرنے والوں کی تعداد اب تک 1,98,660 نوجوانوں (18 سال یا اس سے زائد عمر کے) نے ووٹر لسٹ میں نام شامل کرانے اور نئے ووٹر آئی ڈی کارڈ بنانے کے لیے فارم بھرے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے ایک بار پھر اپیل کی ہے کہ یکم اگست کو جاری کردہ ابتدائی ووٹر لسٹ میں اگر کوئی غلطی ہو تو شہری یا سیاسی جماعتیں اپنے دعوے یا اعتراضات درج کرائیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق، قومی اور ریاستی سطح پر سیاسی جماعتوں کے پاس کل 1,60,813 بی ایل اے (Booth Level Agents) رجسٹرڈ ہیں، لیکن ان میں سے ایک بھی نے ابتدائی ووٹر لسٹ میں نام شامل کرنے یا ہٹانے کے حوالے سے کوئی دعویٰ یا اعتراض درج نہیں کرایا۔ تیجسوی یادو نے ووٹر ادھیکار یاترا کے دوران کہا: ہم راہل گاندھی کو ملک کا وزیراعظم بنائیں گے۔ ساتھ ہی انہوں نے بی جے پی پر بھی سخت حملہ کیا۔

راہل گاندھی نے الیکشن کمیشن اور مرکز پر سنگین الزامات لگاتے ہوئے کہا کہ: الیکشن کمیشن ایس آئی آر (SIR) کے نام پر غریبوں کا ووٹ چرا رہا ہے، لاکھوں نام ووٹر لسٹ سے ہٹا دیے گئے ہیں۔ انہوں نے ایک مقامی کسان کی مثال دی، جسے زندہ اور فعال ہونے کے باوجود مردہ قرار دے کر ووٹر لسٹ سے ہٹا دیا گیا۔ انہوں نے عوام سے پوچھا: کیا آپ مانتے ہیں کہ ووٹ چوری ہو رہی ہے؟ جس پر عوام نے زور دار آواز میں "ہاں" کہا۔

راہل گاندھی نے الزام لگایا کہ: بی جے پی اور الیکشن کمیشن کی ملی بھگت سے جمہوریت کو کمزور کیا جا رہا ہے۔ جہاں ایک طرف اپوزیشن اتحاد عوامی سطح پر ووٹر لسٹ کی خامیوں کو لے کر احتجاج کر رہا ہے، وہیں دوسری طرف الیکشن کمیشن کے ریکارڈ کے مطابق ابھی تک کسی سیاسی جماعت نے باضابطہ طور پر کوئی دعویٰ یا اعتراض درج نہیں کرایا ہے، جو خود میں ایک تضاد کی طرف اشارہ کرتا ہے۔