بہار:ایک کروڑ 13 لاکھ بہاریوں کے کھاتے میں نتیش کمار نے بھیجی رقم

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 10-09-2025
بہار:ایک کروڑ 13 لاکھ بہاریوں کے کھاتے میں نتیش کمار نے بھیجی رقم
بہار:ایک کروڑ 13 لاکھ بہاریوں کے کھاتے میں نتیش کمار نے بھیجی رقم

 



پٹنہ:وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بدھ (10 ستمبر 2025) کو ’’سماجی تحفظ پنشن یوجنا‘‘ کے تحت 1263.95 کروڑ روپے کی رقم ایک کروڑ 13 لاکھ سے زیادہ مستفیدین کے بینک کھاتوں میں ڈی بی ٹی (Direct Benefit Transfer) کے ذریعے بھیجی۔ ایک مستفید کو 1100 روپے کی شرح سے بھیجی گئی یہ رقم اگست ماہ کی ہے۔

ایک اَنے مارگ میں اس پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ سماجی تحفظ پنشن یوجنا میں پچھلے ماہ کے مقابلے ایک لاکھ 23 ہزار نئے مستفیدین کو منظوری فراہم کی گئی ہے۔ جون سے اگست تک پنشن یافتگان کی کُل تعداد میں 2.22 لاکھ کا اضافہ ہوا ہے۔ آج چھ طرح کی سماجی تحفظ پنشن یوجنا کے مستفیدین کے کھاتے میں رقم منتقل کی گئی۔

ان میں اندرا گاندھی قومی بڑھاپا پنشن یوجنا، وزیر اعلیٰ بڑھاپا پنشن یوجنا، اندرا گاندھی قومی بیوہ پنشن یوجنا، اندرا گاندھی قومی معذوری پنشن یوجنا، لکشمی بائی سماجی تحفظ پنشن یوجنا اور بہار معذوری پنشن یوجنا شامل ہیں۔

پروگرام کے دوران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت نے جون ماہ سے سماجی تحفظ پنشن کے تحت بزرگوں، معذوروں اور بیوہ خواتین کو ہر ماہ ملنے والی پنشن کی رقم 400 روپے سے بڑھا کر 1100 روپے ماہانہ کر دی ہے۔ ہم نے ابتدا سے ہی سبھی طبقات کی ترقی کے لیے کئی یوجنائیں چلائی ہیں۔ سماج کے کمزور طبقوں کے مفاد میں ہم مسلسل کام کر رہے ہیں۔

نتیش کمار نے کہا کہ بزرگوں، معذوروں اور بیوہ خواتین کی سہولت کے لیے سماجی تحفظ پنشن یوجنائیں چلائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ کوئی بھی اہل سماجی پنشن یافتہ اس سے محروم نہ رہے، اس کا خاص خیال رکھا جائے۔

وزیراعلیٰ نے کہا، آج سماجی تحفظ پنشن یوجنا کے مستفیدین کو اگست ماہ کی 1100 روپے کی پنشن ان کے کھاتوں میں منتقل کی گئی ہے، اس کے لیے مجھے بہت خوشی ہو رہی ہے۔ وقت پر پنشن کی رقم مستفیدین کے کھاتے میں پہنچنے سے انہیں سہولت ہوتی ہے۔