بہار :میڈیکل کالجوں کے جونیئر ڈاکٹرز غیر معینہ مدت کی ہڑتال پر

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 26-08-2025
بہار :میڈیکل کالجوں کے جونیئر ڈاکٹرز غیر معینہ مدت کی ہڑتال پر
بہار :میڈیکل کالجوں کے جونیئر ڈاکٹرز غیر معینہ مدت کی ہڑتال پر

 



پٹنہ: بہار کے تمام میڈیکل کالجوں کے جونیئر ڈاکٹرز نے منگل کے روز سے غیر معینہ مدت کی ہڑتال کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ ہڑتال اسٹائپنڈ (وظیفہ) میں اضافے کے مطالبے پر کی جا رہی ہے، جس کا اثر او پی ڈی (آؤٹ پیشنٹ ڈپارٹمنٹ) کی خدمات پر واضح طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ پٹنہ میڈیکل کالج اینڈ اسپتال (PMCH) کے احاطے میں جونیئر ڈاکٹرز نے پوسٹرز اور بینرز اٹھا کر نعرے بازی کی۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ہم اسٹائپنڈ میں اضافے کے لیے ہڑتال پر ہیں، اور یہ ہڑتال اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ہماری مانگ پوری نہیں کی جاتی۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال ہم نے صرف او پی ڈی سروسز بند کی ہیں، لیکن اگر حکومت نے سنجیدگی نہ دکھائی تو ایمرجنسی سروسز بھی بند کر دی جائیں گی۔ ابھی ایمرجنسی خدمات کو متاثر نہیں کیا جا رہا۔

مظاہرہ کرنے والے ڈاکٹرز نے کہا کہ اس وقت بہار میں جونیئر ڈاکٹرز کو صرف 20 ہزار روپے ماہانہ اسٹائپنڈ دیا جا رہا ہے، جبکہ زیادہ تر دیگر ریاستوں میں 40 ہزار روپے دیا جاتا ہے۔ ہم بھی اتنا ہی مطالبہ کر رہے ہیں۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ہر تین سال بعد اسٹائپنڈ میں اضافہ ہونا چاہیے، لیکن بہار میں محکمہ صحت مسلسل اس اصول کو نظر انداز کرتا آ رہا ہے۔

اس سلسلے میں ہم نے کئی بار تحریری طور پر درخواستیں محکمہ صحت کے سکریٹری اور وزیرِ صحت کو دی ہیں، لیکن کوئی سنوائی نہیں ہوئی۔ ڈاکٹرز نے بتایا کہ ہم نے پچھلے ہفتے کے سنیچر سے ہی مطالبے کے تحت کالی پٹی باندھ کر ڈیوٹی دی، لیکن حکومت کی طرف سے کوئی توجہ نہ ملنے پر آج سے مکمل ہڑتال پر چلے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بہار کے جتنے بھی میڈیکل کالج ہیں، ان سب میں جونیئر ڈاکٹرز اس مطالبے پر متحد ہو کر ہڑتال پر ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ مریضوں کو پریشانی ہوگی، لیکن ہم بھی مجبور ہیں۔ ہماری بھی کچھ مجبوریاں اور پریشانیاں ہیں، اس لیے حکومت کو چاہیے کہ ہماری بات سنے۔

قابل ذکر ہے کہ اسٹائپنڈ میں اضافے کے مطالبے پر جونیئر ڈاکٹرز پہلے بھی کئی بار احتجاج کر چکے ہیں، لیکن حکومت کی طرف سے صرف زبانی یقین دہانی ملتی رہی ہے۔ اس بار جونیئر ڈاکٹرز آر یا پار کے موڈ میں نظر آ رہے ہیں۔