پٹنہ / آواز دی وائس
بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے جمعرات کو کہا کہ ریاستی حکومت نے ان مسلم خواتین کی حالت بہتر بنانے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں جنہیں ان کے شوہروں نے چھوڑ دیا ہے۔
کمار نے کہا کہ بہار حکومت نے ریاست میں مسلم لڑکیوں اور لڑکوں کی تعلیم کو فروغ دینے کے لیے بھی مختلف اقدامات کیے ہیں۔ بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کے صد سالہ جشن کے موقع پر منعقد ایک پروگرام میں کمار نے کہا كہ جن مسلم خواتین کو ان کے شوہروں نے چھوڑ دیا، انہیں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ایسی مسلم خواتین کی حالت بہتر بنانے اور انہیں سہارا دینے کے لیے ریاستی حکومت نے 2007 میں دس ہزار روپے ماہانہ کی مالی امداد شروع کی تھی۔ یہ رقم اب بڑھا کر پچیس ہزار روپے ماہانہ کر دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا كہ مسلم لڑکوں اور لڑکیوں کی تعلیم کو فروغ دینے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ اس کے لیے ریاستی حکومت کا اقلیتی فلاح و بہبود محکمہ کئی اسکیمیں چلا رہا ہے۔
کمار نے کہا کہ شادی کے بعد اگر عورتوں کو چھوڑ دیا جائے تو انہیں بے شمار مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ 2005 سے پہلے ریاست میں مسلم برادری کے لیے کوئی کام نہیں کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ 2005 میں این ڈی اے حکومت کے آنے کے بعد مسلم برادری کے لیے کئی فلاحی اسکیمیں شروع کی گئیں۔
انہوں نے کہا كہ پہلے اکثر ہندو مسلم جھگڑے ہوا کرتے تھے۔ اس لیے 2006 سے قبرستانوں کی چار دیواری بنانے کا عمل شروع کیا گیا۔ بڑی تعداد میں قبرستانوں کی چار دیواری کی جا چکی ہے اور اب ایسے جھگڑے نہیں ہوتے۔
کمار نے کہا كہ پہلے مدارس کی حالت بہت خستہ تھی۔ مدرسہ اساتذہ کو مناسب تنخواہ نہیں ملتی تھی۔ 2006 کے بعد مدارس کا رجسٹریشن کیا گیا اور انہیں سرکاری منظوری دی گئی۔ اب مدرسہ اساتذہ کو سرکاری اسکول کے اساتذہ کے برابر تنخواہ مل رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 2005 کے انتخابات سے پہلے کئی فسادات ہوئے تھے، جن میں 1989 کا بھاگلپور فساد بھی شامل تھا، لیکن نہ تو اُس وقت کی حکومت اور نہ ہی بعد کی حکومتوں نے صحیح تحقیقات کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ نومبر 2005 میں جیسے ہی ہم اقتدار میں آئے، مکمل تحقیقات کرائی گئیں، قصورواروں کے خلاف کارروائی کی گئی اور فساد متاثرین کو معاوضہ دیا گیا۔
کمار نے کہا کہ فساد متاثرہ خاندانوں کو پنشن کے ذریعے امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اقلیتی فلاح و بہبود محکمہ کا بجٹ 2004-05 میں صرف 3.54 کروڑ روپے تھا، جو اب بڑھ کر 1,080 کروڑ روپے ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ مسلم برادری کے نوجوان مردوں اور عورتوں کو روزگار شروع کرنے میں مدد کے لیے مختلف طریقوں سے سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
کمار نے کہا كہ شروع سے ہی ہم نے سماج کے تمام طبقات کی ترقی کے لیے کام کیا ہے — چاہے وہ ہندو ہوں، مسلمان ہوں، اونچی ذات کے ہوں، پسماندہ ہوں، انتہائی پسماندہ ہوں، دلت ہوں یا مہا دلت ہوں۔
انہوں نے کہا كہ ہم نے ہمیشہ عوام کے مفاد میں کام کیا ہے اور ریاست کی ترقی کے لیے مسلسل محنت کرتے رہیں گے۔ مخالفین بلا وجہ باتیں کرتے ہیں لیکن اس کا کوئی مطلب نہیں ہوتا۔ ہم اپنے کام پر ہی توجہ مرکوز رکھتے ہیں۔