پٹنہ: راجد کے قومی ایگزیکٹو صدر تیجسوی یادو نے جمعرات کو قومی جمہوری اتحاد (راجگ) حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ طویل عرصے سے ‘ڈبل انجن’ کی حکومت ہونے کے باوجود بہار ترقی کے تمام اہم اشاریوں میں سب سے پیچھے ہے۔
تیجسوی یادو نے بیان میں کہا کہ بہار ایک منفرد ریاست ہے، جہاں دہائیوں سے راجگ کی ‘ڈبل انجن’ حکومت ہے، پھر بھی یہ ملک کی سب سے غریب ریاست بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بہار کئی سماجی و اقتصادی شعبوں میں ملک میں سب سے پیچھے ہے۔
ان کے مطابق، ملک میں سب سے زیادہ ہجرت، جرائم، بدعنوانی، بے روزگاری اور کثیر الجہتی غربت بہار میں ہے۔ بہار اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف نے کہا کہ ریاست میں اسکول چھوڑنے والے طلبہ کی تعداد سب سے زیادہ ہے، جبکہ سیکھنے کی شرح، فی فرد آمدنی، کسانوں کی آمدنی، فی فرد سرمایہ کاری اور فی فرد صارفیت سب سے کم ہیں۔ تیجسوی یادو نے الزام لگایا کہ کمپیوٹر سکلز، بجلی کی کھپت، بنیادی سہولیات، معیاری تعلیم اور صنعتی یونٹس کی تعداد کے معاملے میں بھی بہار ملک میں سب سے پیچھے ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریاست کے اسکولوں میں کمپیوٹر اور آئی سی ٹی (ICT) لیبارٹریوں کی دستیابی بھی سب سے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت کی سہولیات بھی خراب ہیں اور ترقی کے زیادہ تر اشاریوں میں بہار سب سے کمزور ہے۔ تیجسوی یادیو نے کہا کہ ریاست کے لوگ مہنگی گیس، مہنگی بجلی اور مہنگا پٹرول-ڈیزل خریدنے پر مجبور ہیں۔
انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ بہار میں زمین اور جائیداد کی قیمتیں دہلی اور ممبئی کے مقابلے میں بھی زیادہ ہیں۔ راجد رہنما نے کہا کہ گزشتہ 21 سالوں کی راجگ حکومت کے دوران بہار ترقی کے تقریباً تمام معیاروں میں پیچھے رہا ہے، لیکن اس کی کوئی ذمہ داری کسی پر عائد نہیں کی گئی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت میں بیٹھے لوگ انتظامی نظام، سرکاری وسائل، ووٹ کی سیاست اور ذات پات کے ذریعے اقتدار کا فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
ادھر، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے بہار یونٹ کے ترجمان نیرج کمار نے یادیو کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا: راجد رہنما کو بہار کی موجودہ صورتحال کا موازنہ 1990 سے 2005 کے دور سے کرنا چاہیے تھا، جب ریاست میں لالو پرساد اور رابڑی دیوی کی حکومت تھی۔ حالات میں بہتری صرف 2005 میں نتیش کمار کی قیادت میں راجگ حکومت کے آنے کے بعد ممکن ہوئی۔