ڈاکٹر فیاض احمد فیضی
بہار کی سیاست نے ہمیشہ ہندوستانی جمہوریت میں ایک منفرد اور اہم کردار ادا کیا ہے۔ آج جب پسماندہ مسلمانوں کی سماجی نمائندگی کا مسئلہ مرکزی موضوع بنا ہوا ہے، تو اس کے تاریخی پس منظر کو سمجھنا ضروری ہے۔ 1946 کا بہار اسمبلی انتخاب اس لحاظ سے بڑی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ اس نے آزادی سے قبل کی سیاست کو ایک نیا رخ دیا۔ کانگریس کے ہمہ گیر قوم پرستی کے تصور اور مسلم لیگ کی علیحدگی پسند سیاست کے درمیان آصف بہاری کی مؤمن کانفرنس نے پسماندہ مسلمانوں کی طبقاتی اور سماجی بیداری کو سیاسی شکل عطا کی۔ہندوستان میں باقاعدہ انتخابی عمل 1937 کے صوبائی انتخابات سے شروع ہوا، جو 1935 کے گورنمنٹ آف انڈیا ایکٹ کے تحت کرائے گئے تھے۔ سیاسی عدم استحکام کے بعد وائسرائے ویول نے 1945–46 میں نئے انتخابات کا اعلان کیا۔ انہی اسمبلیوں کے ارکان نے آئین ساز اسمبلی کے اراکین کا انتخاب کیا، جنہوں نے بعد میں ہندوستان کا آئین مرتب کیا۔ دوسری طرف مسلم لیگ نے ان انتخابات کو پاکستان کے حق میں ریفرنڈم قرار دیا۔
1946 کے انتخابات میں پسماندہ طبقے کے لوگوں نے متحد ہو کر مؤمن کانفرنس کے بینر تلے میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا۔ یہ تنظیم مذہبی شناخت کے بجائے روزگار، تعلیم اور سماجی مساوات پر مرکوز تھی۔ اس کا آغاز مسلم سماج کے اندر ذات پات اور برائیوں کے خلاف ایک بغاوت کے طور پر ہوا تھا، جو آگے چل کر مسلم لیگ کی مذہبی علیحدگی پسند سیاست کے خلاف سب سے مضبوط آواز بن گئی۔
مؤمن کانفرنس نے مسلم لیگ کے نعرے “اسلام خطرے میں ہے” کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا مطالبہ دراصل نوابوں اور خان بہادروں کے طبقاتی مفادات کا مظہر ہے۔ دو قومی نظریے کے خلاف اس نے سیکولرزم کی مثال قائم کرتے ہوئے کانگریس کے ساتھ مل کر سماجی انصاف، طبقاتی مساوات اور قومی اتحاد کے حق میں مہم چلائی۔ بہار میں مسلم نشستوں کے لیے کل 40 علیحدہ نشستیں مخصوص تھیں جن میں مؤمن کانفرنس نے 20 اور کانگریس نے 10 امیدوار میدان میں اتارے۔
اگرچہ پسماندہ طبقہ وسائل کی کمی اور مسلم لیگ کے دولت و مذہبی پروپیگنڈے کے باعث سخت مشکلات سے دوچار تھا، پھر بھی عوامی جلسوں میں ان کے حق میں زبردست جوش و خروش دیکھا گیا۔ مگر نتیجہ یہ نکلا کہ مسلم لیگ نے 40 میں سے 33 نشستیں جیت لیں، مؤمن کانفرنس کو 6 نشستیں حاصل ہوئیں (11 نشستوں پر وہ دوسرے نمبر پر رہی)، جبکہ کانگریس کو صرف ایک مسلم نشست ملی۔ البتہ کانگریس نے عام نشستوں پر 98 سیٹیں جیت کر حکومت بنائی، لیکن مسلمانوں کے زیادہ تر ووٹ مسلم لیگ کے حصے میں چلے گئے۔
اعداد و شمار کے لحاظ سے یہ شکست تھی، مگر نظریاتی طور پر یہ پسماندہ سماج کی پہلی مضبوط سیاسی آواز تھی—مذہبی قوم پرستی کے مقابلے میں طبقاتی شعور اور ہندوستانی قومیت کی اخلاقی فتح۔
مؤمن کانفرنس کی شکست کی سب سے بڑی وجہ محدود حقِ رائے دہی تھی۔ اُس وقت آج کی طرح بالغ شہریوں کو ووٹ دینے کا حق حاصل نہیں تھا۔ ووٹ صرف اُنہیں کو دیا جاتا تھا جو مالدار تھے، ٹیکس دہندگان میں شامل تھے، یا جن کی آمدنی اور تعلیم ایک خاص معیار پر پوری اترتی تھی۔ مسلمانوں کے اندر یہ عدم مساوات مزید گہری تھی—اشرافیہ کے نواب، زمیندار اور تاجر ووٹ دے سکتے تھے، لیکن پسماندہ مسلمانوں کی اکثریت اس حق سے تقریباً محروم تھی۔ اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ مسلم لیگ کو سیاسی برتری حاصل ہوگئی اور پسماندہ طبقے کی نمائندگی محدود رہ گئی۔
1939 میں مؤمن کانفرنس کے قوم پرست رہنما نور محمد نے بہار اسمبلی میں بالغ رائے دہی کا مطالبہ کیا تھا، مگر یہ تجویز مسترد کر دی گئی۔ اگر اس بصیرت افروز تجویز کو تسلیم کیا جاتا تو ممکن ہے 1946 کے انتخابات اور شاید ملک کی تاریخ بھی کچھ اور ہوتی۔
مؤمن کانفرنس کی شکست کی ایک بڑی وجہ مالی وسائل کی کمی بھی تھی۔ غریب اور محنت کش طبقوں سے تعلق رکھنے والا پسماندہ سماج مسلم لیگ کے دولت و اثر سے مقابلہ نہ کر سکا۔ یہ کمی صرف مالی نہیں تھی بلکہ صدیوں کی سماجی محرومی کا نتیجہ تھی۔ اس کے باوجود جو چھ نشستیں مؤمن کانفرنس نے جیتیں وہ پسماندہ معاشرے کی فکری استقامت اور انصاف کی جدوجہد کی علامت بن گئیں۔ ان میں حافظ منظور حسین کی مسلم لیگ کے امیدوار پر جیت ایک نمایاں مثال ہے۔
روایت ہے کہ مسلم لیگ کے دباؤ کے سبب حافظ منظور حسین کے لیے کوئی پولنگ ایجنٹ بننے کو تیار نہیں تھا۔ ایسے میں ایک ہندو نوجوان اندرا کمار آگے آئے اور حافظ صاحب کے مضبوط پولنگ ایجنٹ بنے۔ مسلم لیگ نے اعتراض کیا کہ علیحدہ مسلم نشست پر ہندو ایجنٹ کیسے ہو سکتا ہے، مگر شکایت مسترد کر دی گئی۔ اس پر لیگ کے رہنما طنز کرنے لگے کہ "ان کو تو ایک مسلمان ایجنٹ بھی نہیں ملا"۔ مگر یہ واقعہ فرقہ وارانہ تقسیم سے اوپر اٹھ کر باہمی تعاون کی ایک روشن مثال بن گیا—جس نے ہندوستان کی سیکولر روح اور پسماندہ سیاست کی جامع فکر دونوں کو نمایاں کیا۔
مؤمن کانفرنس نے محدود حق رائے دہی اور کم وسائل کے باوجود اپنے نظریے اور عوامی حمایت کی مضبوط بنیاد قائم کی۔ جب 30 مارچ 1946 کو شری کرشن سنگھ کی قیادت میں بہار میں کانگریس کی حکومت بنی تو اس کے پس پردہ جامع قوم پرستی کی وہ سیاسی حکمتِ عملی تھی جس کے معمار سردار ولبھ بھائی پٹیل تھے۔
پٹیل کا ماننا تھا کہ اگر پسماندہ طبقے کے مسلمانوں کو سیاسی نمائندگی دی جائے تو مسلم لیگ کی اشرافیہ پر مبنی سیاست کی جڑیں کمزور ہوں گی۔ اسی پالیسی کے تحت، بعض کانگریسی رہنماؤں مثلاً مولانا آزاد کے اختلاف کے باوجود، پٹیل کے اصرار پر مؤمن کانفرنس کے رہنما عبدالقیوم انصاری اور نور محمد کو بہار کابینہ میں شامل کیا گیا۔ ڈاکٹر راجندر پرساد اور پٹیل کے خطوط میں انصاری کو “محبِ وطن مسلمان” کہا گیا ہے۔
یہ قدم مسلم لیگ کی علیحدگی پسند سیاست کو کمزور کرنے کے ساتھ ساتھ کانگریس کے ہمہ گیر قوم پرستی کے نظریے کا ایک عملی مظہر بھی تھا۔ اس نے آزاد ہندوستان میں پسماندہ طبقے کی سیاسی شمولیت کی بنیاد رکھی اور یہ پیغام دیا کہ ملک کا مستقبل تمام طبقات کی شمولیت سے ہی ممکن ہے۔1946 کا بہار انتخاب آج کی سیاست کا آئینہ ہے۔ اُس وقت مؤمن کانفرنس نے جس پسماندہ شعور، سماجی انصاف اور سیکولر نظریے کی بنیاد رکھی تھی، وہی سوال آج پھر ہمارے سامنے ہیں۔آج جب ہر سیاسی جماعت پسماندہ نمائندگی کی بات کرتی ہے تو یہ یاد رکھنا چاہیے کہ یہ تصور آصف بہاری، عبدالقیوم انصاری، نور محمد اور حافظ منظور حسین جیسے رہنماؤں کے تاریخی جدوجہد کا نتیجہ ہے۔ 1946 کا بہار ہمیں یاد دلاتا ہے کہ پسماندہ سماج کی جدوجہد ادھوری نہیں بلکہ ہندوستانی جمہوریت کے حال کا ایک زندہ اور فیصلہ کن مکالمہ ہے۔
مصنف مترجم، کالم نگار، میڈیا پینلسٹ، پسماندہ سماجی کارکن اور آیوش معالج ہیں