پٹنہ/ آواز دی وائس
وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بہار کے طلبہ کے لیے ایک بڑی راحت بھری اعلان کی ہے۔ ریاستی حکومت نے اسٹوڈنٹ کریڈٹ کارڈ یوجنا کے تحت اب چار لاکھ روپے تک کا قرض مکمل طور پر بغیر سود (انٹرسٹ فری) کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی قرض کی قسطوں کی تعداد 70 سے بڑھا کر 120 کر دی گئی ہے، جس سے طلبہ کے لیے قرض چکانا اور بھی آسان ہو جائے گا۔
۔10 سال میں ادا کرنا ہوگا قرض
اس تبدیلی کا سیدھا مطلب یہ ہے کہ اگر کوئی طالب علم اسٹوڈنٹ کریڈٹ کارڈ کے تحت چار لاکھ روپے کا قرض لیتا ہے، تو اب اسے یہ رقم 10 سال کی آسان قسطوں میں ادا کرنی ہوگی اور اس پر کوئی سود نہیں لگے گا۔ اس فیصلے سے طلبہ اور ان کے خاندانوں پر مالی دباؤ کافی کم ہو جائے گا اور اعلیٰ تعلیم تک رسائی آسان ہو جائے گی۔
طلبہ کو کیا فائدہ ہوگا؟
طلبہ کو اب بغیر سود کے قرض ملے گا۔
قسطوں کی مدت بڑھنے سے ماہانہ ای ایم آئی کافی کم ہو جائے گی۔
غریب اور متوسط طبقے کے بچوں کے لیے اعلیٰ تعلیم (ہائر ایجوکیشن) حاصل کرنا آسان ہوگا۔
مالی تنگی کی وجہ سے پڑھائی بیچ میں چھوڑنے کی نوبت نہیں آئے گی۔
بہار کے نوجوانوں کا خواب ہوگا پورا
وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کہا کہ اس یوجنا کا مقصد طلبہ کو تعلیم اور کیریئر کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔ حکومت یہ یقینی بنانا چاہتی ہے کہ کوئی بھی طالب علم صرف مالی پریشانی کے سبب اپنی پڑھائی بیچ میں نہ چھوڑے۔ انہوں نے کہا کہ یہ قدم بہار کے نوجوانوں کو اپنے خواب پورے کرنے اور اپنے مستقبل کو مضبوط بنانے کا موقع دے گا۔