بہار : وزیراعلیٰ نے سیلاب سے متعلق اعلیٰ سطحی میٹنگ کی

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 13-08-2025
بہار : وزیراعلیٰ نے سیلاب سے متعلق اعلیٰ سطحی میٹنگ کی
بہار : وزیراعلیٰ نے سیلاب سے متعلق اعلیٰ سطحی میٹنگ کی

 



پٹنہ/ آواز دی وائس
بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بدھ کے روز ریاست کے 10 اضلاع میں سیلاب کی صورتحال کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ چوکس رہیں اور متاثرہ عوام کے لیے تمام ضروری انتظامات کریں۔
حکام نے بدھ کو بتایا کہ بہار میں سیلاب سے تقریباً 25 لاکھ لوگ متاثر ہوئے ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں موسلا دھار بارش کے باعث کئی دریا بپھر گئے ہیں۔ اجلاس کے بعد وزیر اعلیٰ کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعلیٰ نے ضلع انتظامیہ اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ چوکس رہیں اور پانی کی سطح بڑھنے کی صورت میں پوری تیاری رکھیں۔ گنگا ندی کے کنارے واقع بھوجپور، پٹنہ، سارن، ویشالی، بیگوسرائے، لخیسرائے، منگیر، کھگڑیا، بھاگلپور اور کٹیہار میں تقریباً 25 لاکھ لوگ سیلاب سے متاثر ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ حکام نے وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا کہ نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) اور اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) کی کل 16 ٹیمیں بچاؤ کے کاموں میں مصروف ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے متعلقہ ضلع مجسٹریٹوں کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں متاثرہ افراد کی فہرست تیار کریں تاکہ سیلاب متاثرین کو جلد از جلد امداد فراہم کی جا سکے۔ اس سلسلے میں ایک افسر نے بتایا کہ بھوجپور، پٹنہ، بھاگلپور، ویشالی، لخیسرائے، سارن، منگیر، کھگڑیا، سپول اور بیگوسرائے میں مسلسل بارش کے باعث دریا اور نالے بپھرے ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ چند دنوں میں ہونے والی بارش سے ریاست میں گنگا، کوسی، باگمتی، بوڑھی گنڈک، پونپون اور گھاگھرا ندیوں کا پانی کی سطح بڑھ گئی ہے۔
افسر کے مطابق یہ دریا بھوجپور، پٹنہ، بھاگلپور، ویشالی، لخیسرائے، سارن، منگیر، کھگڑیا، بیگوسرائے اور سپول میں کچھ مقامات پر خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہے ہیں۔
اجلاس میں نائب وزیر اعلیٰ سمرات چودھری، آفاتِ سماوی کے وزیر وجے کمار منڈل، ڈویلپمنٹ کمشنر پرتئے امریت، محکمہ آبی وسائل کے پرنسپل سکریٹری سنتوش کمار مل اور ریاستی حکومت کے دیگر سینئر افسران موجود تھے۔