پٹنہ: دسہرا پوجا کے اختتام کے ساتھ ہی دیوالی اور چھٹھ جیسے بڑے تہوار بھی اسی مہینے میں منائے جانے والے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ اور انتخابات کی تاریخ کے اعلان میں اب چند ہی دن باقی رہ گئے ہیں۔ انہی حالات کے بیچ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے آج کابینہ کی میٹنگ طلب کی، جس میں ضابطہ اخلاق نافذ ہونے سے قبل کل 129 ایجنڈوں پر مہر لگا دی گئی۔
اس میٹنگ میں تعلیم، زراعت، صحت، سڑک، پولیس، آبی وسائل، شہری ترقی اور سماجی بہبود سے متعلق کئی اہم فیصلے لیے گئے۔ کابینہ نے ریاست میں بہار فلم و نٹیا انسٹی ٹیوٹ کے قیام کے تجویز کو منظوری دی۔ اسی طرح اسکولی تعلیم میں وظیفہ اسکیموں کا دائرہ بڑھایا گیا۔ پہلی سے دسویں تک کے طلبہ کو دی جانے والی وظیفے کی رقم دوگنی کر دی گئی۔
نویں اور دسویں کے طلبہ کے لیے وظیفہ 1800 روپے سے بڑھا کر 3600 روپے سالانہ کر دیا گیا۔ پہلی سے چوتھی تک کے طلبہ کو 1200 روپے اور پانچویں سے آٹھویں تک کے طلبہ کو 2400 روپے سالانہ وظیفہ ملے گا۔ اس کے علاوہ سرکاری اسکولوں اور دفتروں میں 40 کمپیوٹر آپریٹرز اور 40 بٹل روم کمپیوٹر آپریٹرز کی نئی اسامیاں منظور کی گئیں۔ کابینہ نے زراعت محکمہ میں 218 نئی اسامیاں پیدا کرنے کی منظوری دی۔
اسی کے ساتھ فصل بیمہ، بیج تقسیم، سبسڈی اسکیموں اور گیہوں–چاول کی پیداوار بڑھانے کے لیے ہزاروں کروڑ روپے مختص کیے گئے۔ وزیر اعظم زرعی ترقی یوجنا اور قومی باغبانی مشن کے تحت متعدد منصوبوں کو بھی منظوری ملی۔ گنڈک کمانڈ ایریا اور آبپاشی اسکیموں پر بھاری سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا گیا۔ پتھ نرمان (سڑک تعمیر) محکمہ کے تحت مختلف اضلاع میں 12,000 کروڑ روپے کی لاگت سے سڑکوں کی توسیع اور نئی سڑکوں کی تعمیر کو منظوری دی گئی۔
کئی پلوں اور بائی پاس پروجیکٹوں کو بھی ہری جھنڈی ملی۔ کابینہ نے کئی اضلاع میں نئے اسپتال اور میڈیکل کالج بنانے کے فیصلے کو منظوری دی۔ ریاستی سرکاری میڈیکل کالجوں سے فارغ التحصیل ایم بی بی ایس اور پی جی ڈاکٹروں کے لیے تین سال کی لازمی خدمت کو منظوری دی گئی۔ قومی صحت مشن اور "مشن نروگی بہار" کے تحت ویکسینیشن مہم کو مزید مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ پٹنہ سمیت کئی شہری بلدیات کی حدود میں توسیع کا فیصلہ ہوا۔
گنگا جل سپلائی، اسمارٹ سٹی پروجیکٹ اور سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس کے لیے ہزاروں کروڑ روپے کی منظوری دی گئی۔ پٹنہ میٹرو ریل پروجیکٹ کے لیے اضافی فنڈ مختص کیا گیا۔ اسی کے ساتھ ایس ٹی ایف ہیڈکوارٹر کی عمارت کی تعمیر کو بھی منظوری دی گئی اور پولیس میں نئی بھرتیوں کا راستہ صاف ہوا۔ بیواؤں کی پنشن اور سماجی تحفظ کی اسکیموں کے دائرے کو بڑھایا گیا۔ اقلیتی، پسماندہ اور انتہائی پسماندہ طبقات کے طلبہ کے لیے وظیفے کی رقم میں اضافہ کیا گیا۔
بہار میں صنعتی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے بہار کلسٹر بیسڈ انڈسٹری ایکٹ 2025 کو منظوری دی گئی۔ پٹنہ میں پاور میوزیم قائم کرنے کا فیصلہ ہوا۔ سیاحت اور ثقافتی ورثے کے تحفظ اور ترقی کے لیے ماہر مشاورتی ایجنسیوں کی تقرری کو منظوری دی گئی۔ پٹنہ کے بانکی پور بس اسٹینڈ کمپلیکس میں عوامی-نجی شراکت داری (PPP) کے تحت پانچ ستارہ ہوٹل بنانے کے لیے منظوری دی گئی۔
سماجی تحفظ پنشن اسکیموں کے مستفیدین کے آدھار پر مبنی لائف سرٹیفیکیشن کے لیے خدمات حاصل کرنے کے واسطے کامن سروس سینٹر ای-گورننس سروسز انڈیا لمیٹڈ کے انتخاب کو منظوری ملی۔ ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کے محکمہ میں 1491 نئی اسامیاں پیدا کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ قومی ڈولفن ریسرچ سینٹر کے لیے 45 اسامیاں اور سنجے گاندھی بوٹینیکل گارڈن کے لیے 172 نئی اسامیاں منظور ہوئیں۔ نو نئے جنگل ڈویژن قائم کرنے کے ساتھ 927 نئی اسامیاں پیدا کرنے کا فیصلہ ہوا۔