بہار : ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے حقوق کے تحفظ کے لیے بورڈ قائم

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 08-08-2025
بہار : ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے حقوق کے تحفظ کے لیے بورڈ قائم
بہار : ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے حقوق کے تحفظ کے لیے بورڈ قائم

 



پٹنہ: بہار حکومت نے ٹرانس جینڈر (کننر) کمیونٹی کے حقوق کے تحفظ، ان کی سماجی ترقی اور بااختیار بنانے کے لیے ایک فلاحی بورڈ قائم کیا ہے۔ ایک افسر نے جمعہ کے روز اس کی اطلاع دی۔ افسر کے مطابق، سماجی فلاح و بہبود کے محکمے نے "بہار ریاست کننر کلیان بورڈ" کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بہار کے وزیر برائے سماجی فلاح و بہبود، مدن ساہنی کو اس 28 رکنی کمیٹی کا صدر مقرر کیا گیا ہے۔ سماجی فلاح و بہبود محکمے کی سکریٹری وندنا پریشی نے 'پی ٹی آئی-بھاشا' سے بات کرتے ہوئے کہا، "محکمہ نے ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے حقوق کے تحفظ اور ان کی سماجی ترقی و بااختیار بنانے کے مقصد سے بہار ریاست کننر کلیان بورڈ تشکیل دیا ہے۔ اس بورڈ میں سات اراکین خود ٹرانس جینڈر کمیونٹی سے تعلق رکھتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ یہ بورڈ ٹرانس جینڈر افراد کی فلاح و بہبود سے متعلق اقدامات پر عمل درآمد کرے گا اور ان پر نظر رکھے گا۔ وندنا پریشی نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت ٹرانس جینڈر افراد کو باعزت اور مستقل روزگار کے قابل بنانے کے لیے تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت بھی فراہم کرنا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا، اس سے ان کی سماجی و اقتصادی حالت میں بہتری آئے گی۔ ان کا کہنا تھا،حکومت ان کے لیے ایک ایسا ماحول فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے جہاں وہ خود کو محفوظ محسوس کریں اور ملک کے دیگر شہریوں کی طرح باعزت زندگی گزار سکیں۔