سارن/ آواز دی وائس
بہار اسمبلی انتخابات 2025 کے پہلے مرحلے کے لیے نامزدگی کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ اب نامزدگی کے کاغذات کی جانچ پڑتال کا مرحلہ جاری ہے۔ اس عمل کے دوران این ڈی اے کو ایک بڑا دھچکا لگا ہے کیونکہ این ڈی اے کے ایک امیدوار کی نامزدگی منسوخ کر دی گئی ہے۔ نامزدگی منسوخ ہونے کے بعد این ڈی اے اب صرف ریاست کی 242 سیٹوں سے ہی انتخابات لڑ پائے گا۔ واضح رہے کہ ریاست میں اسمبلی کی کل 243 سیٹیں ہیں۔ این ڈی اے کے تمام اتحادی جماعتوں نے مل کر ریاست کی تمام سیٹوں سے امیدوار کھڑا کیا تھا، لیکن ایک سیٹ سے امیدوار کی نامزدگی منسوخ ہونے کے بعد این ڈی اے کا ایک وکٹ میدان میں اتارنے سے پہلے ہی ڈاؤن ہو گیا ہے۔
مڑہوڑہ سے چراغ نے بھوجپوری اداکارہ سیما سنگھ کو دیا ٹکٹ
درحقیقت سارن ضلع کی مڑہوڑہ اسمبلی سیٹ این ڈی اے میں چراغ پاسوان کی ایل جے پی (رام ولاس) کو ملی ہے۔ یہاں سے چراغ پاسوان نے بھوجپوری اداکارہ سیما سنگھ کو ٹکٹ دیا تھا۔ سیما سنگھ نے بھوجپوری کے کئی ہٹ گانوں میں آئٹم گرل کے طور پر کام کیا ہے۔ سیما سنگھ نے لو جے پی سے ٹکٹ لے کر مڑہوڑہ سے نامزدگی فارم جمع کرایا تھا۔
سیما سنگھ سمیت 4 امیدواروں کی نامزدگی منسوخ
لیکن جانچ پڑتال کے دوران سیما سنگھ کی نامزدگی منسوخ کر دی گئی۔ سیما سنگھ کے ساتھ مڑہوڑہ اسمبلی سیٹ سے تین دیگر امیدواروں کی بھی نامزدگی منسوخ کی گئی ہے۔ یہاں سے سیما سنگھ کو ٹکٹ ملنے کے بعد جے ڈی یو سے بغاوت کر کے آزادانہ انتخابی میدان میں اترنے والے الطاف عالم راؤ، بسپا سے آدتیہ کمار اور آزاد امیدوار وشال کمار کی نامزدگی بھی منسوخ ہو گئی۔
نامزدگی کے کاغذات میں خرابی پائی گئی
مڑہوڑہ کی ریٹرننگ آفیسر ندھی راج کی جانب سے کی جانے والی جانچ کے دوران ان تمام امیدواروں کے کاغذات میں خرابی پائی گئی، جس کی بنیاد پر ان چاروں امیدواروں کی نامزدگی منسوخ کر دی گئی۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ مڑہوڑہ میں این ڈی اے کیا حکمت عملی اپناتی ہے۔ ممکن ہے کہ مڑہوڑہ میں این ڈی اے کسی آزاد امیدوار کو حمایت دے دے۔