پٹنہ: کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے بدھ کے روز مبینہ "ووٹ چوری" اور دیگر چند مسائل کو لے کر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر سخت نشانہ سادھا اور دعویٰ کیا کہ بہار اسمبلی انتخابات ملک کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوں گے اور یہیں سے نریندر مودی حکومت کے "بدعنوان اقتدار" کی الٹی گنتی اور اس کے خاتمے کی شروعات ہوگی۔
کانگریس کی توسیع شدہ ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے تازہ بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی پر طنز کیا اور کہا: "وزیر اعظم جنہیں اپنا ’دوست‘ بتا کر ڈھنڈھورا پیٹتے ہیں، وہی دوست آج ہندوستان کو بے شمار بحرانوں میں ڈال رہے ہیں۔" آزاد ہندوستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ بہار میں ہورہی ہے۔ ریاست میں رواں سال اکتوبر-نومبر میں اسمبلی انتخابات ہونے کا امکان ہے۔
کھڑگے نے کہا: "2025 کا اسمبلی انتخاب نہ صرف بہار بلکہ پورے ملک کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔ یہیں سے مودی حکومت کے بدعنوان اقتدار کی الٹی گنتی اور خاتمے کی شروعات ہوگی۔" انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکمران قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی اندرونی کھچ کھچ اب کھل کر سامنے آ گئی ہے۔
کانگریس صدر نے یہ بھی کہا: "بی جے پی نے نتیش کمار کو ذہنی طور پر ریٹائرڈ قرار دے دیا ہے۔ بی جے پی اب انہیں بوجھ سمجھنے لگی ہے۔" کھڑگے نے مبینہ "ووٹ چوری" کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب ووٹر لسٹوں سے باضابطہ چھیڑ چھاڑ کی جا رہی ہے تو یہ ضروری ہے کہ جمہوریت کی جنم بھومی بہار سے اپنی توسیع شدہ ورکنگ کمیٹی میٹنگ کے ذریعے ہم اپنے عزم کو دہرا سکیں کہ ملک کے جمہوریت اور آئین کی حفاظت کریں گے۔
انہوں نے کہا: "ٹھیک 85 سال پہلے کانگریس کے رام گڑھ اجلاس میں پہلی بار آئین ساز اسمبلی کی تجویز سامنے آئی تھی۔ مہاتما گاندھی، پنڈت جواہر لال نہرو، سردار پٹیل، بابا صاحب امبیڈکر اور آئین ساز اسمبلی کے اراکین نے مل کر ملک کے شہریوں کو ’ایک شخص - ایک ووٹ‘ کا حق دیا۔" انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ منصفانہ اور شفاف انتخابات جمہوریت کی بنیاد ہیں۔ کھڑگے نے دعویٰ کیا کہ آج انتخابی کمیشن کی غیرجانبداری اور شفافیت پر ہی سنگین سوال اٹھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا: "مختلف ریاستوں میں انکشافات ہوئے ہیں۔ کمیشن ان سوالوں کے جواب دینے کے بجائے ہم سے حلف نامہ مانگ رہا ہے۔" کانگریس صدر نے کہا کہ بہار کی طرز پر اب ملک بھر میں لاکھوں لوگوں کے ووٹ کاٹنے کی سازش کی جا رہی ہے
انہوں نے کہا: "ووٹ چوری کا مطلب ہے دلت، آدیواسی، پسماندہ، انتہائی پسماندہ، اقلیت، کمزور اور غریب کے راشن کی چوری، پنشن کی چوری، دوا کی چوری، بچوں کی وظیفے اور امتحان کی چوری۔ ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ کی وجہ سے بہار کی عوام میں اس بارے میں بیداری پھیلی اور لوگ کھل کر راہل گاندھی کی حمایت میں آئے۔" انہوں نے یہ الزام بھی لگایا کہ مودی حکومت کے ساتھ ساتھ دیگر ریاستوں کی بی جے پی حکومتیں بھی مذہبی پولرائزیشن اور فرقہ وارانہ جذبات کو بھڑکانے کے مواقع تلاش کرتی رہتی ہیں۔