بہار اسمبلی انتخابات : تیجسوی یادو نے راگھوپور سے پرچہ نامزدگی داخل کیا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 15-10-2025
بہار اسمبلی انتخابات : تیجسوی یادو نے راگھوپور سے پرچہ نامزدگی داخل کیا
بہار اسمبلی انتخابات : تیجسوی یادو نے راگھوپور سے پرچہ نامزدگی داخل کیا

 



پٹنہ: راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے رہنما اور بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے بدھ کی دوپہر حاجی پور اسمبلی حلقے سے آر جے ڈی امیدوار دیو کمار چورسیہ کے ہمراہ راگھوپور (ضلع ویشالی) سے اپنا نامزدگی فارم داخل کر دیا ہے۔ وہ حاجی پور سب ڈویژن آفس ایک درجن سے زائد گاڑیوں کے قافلے کے ساتھ پہنچے۔

انہوں نے سب ڈویژنل آفیسر کے سامنے اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے۔ اس موقع پر ان کے والد لالو پرساد یادو، والدہ رابڑی دیوی، بہن میسا بھارتی، سینئر رہنما سنجے یادو سمیت کئی دیگر آر جے ڈی رہنما بھی موجود تھے۔ قابل ذکر ہے کہ عظیم اتحاد (مہاگٹھ بندھن) کی طرف سے اب تک راگھوپور سیٹ یا امیدوار کے حوالے سے کوئی مشترکہ پریس کانفرنس نہیں کی گئی ہے۔

تیجسوی یادو خود مہاگٹھ بندھن کی رابطہ کمیٹی کے صدر ہیں، لیکن سیٹوں کی تقسیم کا فارمولا اب تک طے نہیں ہو سکا ہے۔ تاہم، آر جے ڈی اور بائیں بازو کی جماعتوں نے اپنے اپنے امیدواروں کو ٹکٹ دے کر انتخابی میدان میں اتار دیا ہے۔ نامزدگی کے بعد تیجسوی یادو کے ہمراہ آر جے ڈی کے کئی ایم ایل اے اور رہنما بھی موجود تھے۔ ان کا پرتپاک استقبال مہاتما گاندھی سیٹو پر کارکنان کی طرف سے کیا گیا، جہاں ان پر پھولوں کی بارش کی گئی۔

یہ پُل پٹنہ کو حاجی پور سے جوڑتا ہے۔ ضلع ویشالی سے تیجسوی یادو کے علاوہ آر جے ڈی نے دو دیگر امیدواروں کو بھی ٹکٹ دیا ہے۔ ان میں سے ایک مکیش روشن ہیں، جو لالو خاندان کے قریبی سمجھے جاتے ہیں اور اس وقت مہوا سے ایم ایل اے بھی ہیں۔ وہ بھی آج ہی مہوا سب ڈویژن آفس میں نامزدگی داخل کریں گے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس سیٹ سے تیج پرتاپ یادو، یعنی تیجسوی کے بڑے بھائی، فی الحال ایم ایل اے ہیں، لیکن اس بار وہ جن شکتی جنتا دل کے ٹکٹ پر انتخاب لڑنے کا اعلان کر چکے ہیں۔ دوسری جانب، این ڈی اے نے ابھی تک اس سیٹ پر اپنے امیدوار کے نام کا اعلان نہیں کیا ہے۔ یاد رہے کہ 2020 کے اسمبلی انتخابات میں راگھوپور سے تیجسوی یادو کے مد مقابل ستییش یادو تھے، جنہیں تیجسوی نے شکست دی تھی۔