بہار انتخابات: ٹکٹوں کی دوڑ میں کئی گلوکار شامل

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 11-10-2025
بہار انتخابات: ٹکٹوں کی دوڑ میں کئی گلوکار شامل
بہار انتخابات: ٹکٹوں کی دوڑ میں کئی گلوکار شامل

 



پٹنہ/ آواز دی وائس
بہار کے انتخابی ماحول میں اس بار لوک موسیقی کی دھُن بھی گونج رہی ہے۔ ریاست کے کئی مشہور لوک گلوکار آئندہ اسمبلی انتخابات میں اپنی قسمت آزمانے کے لیے تیار ہیں۔ مشہور میتھلی لوک گلوکارہ میتھلی ٹھاکر پہلے ہی اشارہ دے چکی ہیں کہ وہ بہار اسمبلی انتخابات میں حصہ لینا چاہتی ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر رہنماؤں سے ملاقات بھی کی تھی۔
بی جے پی کے رہنماؤں ونود تاوڈے اور مرکزی وزیر نِتیانند رائے سے ملاقات کے بعد ٹھاکر نے میڈیا سے کہا کہ یہ میری زندگی کا ایک نیا سفر ہوگا، اور میں اس کے لیے پوری طرح تیار ہوں۔
دوسری جانب جن سوراج پارٹی نے مشہور بھوجپوری گلوکار رتیش رنجن پانڈے کو کارگہر اسمبلی سیٹ سے امیدوار نامزد کیا ہے۔ پانڈے نے کہا کہ میں جن سوراج پارٹی کے سربراہ پرشانت کشور جی کا بے حد شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے یہ موقع دیا۔ میں اسی مٹی کا بیٹا ہوں۔ میرا جنم کارگہر میں ہوا ہے، اس لیے مجھے یقین ہے کہ یہاں کے لوگ میرا ساتھ دیں گے۔بطور فنکار وہ عوام سے ہمیشہ رابطے میں رہتے ہیں اور اپنے علاقے کی ترقی کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں۔
اسی دوران بھوجپوری سپر اسٹار پون سنگھ کے بھی انتخابی میدان میں اترنے کی قیاس آرائیاں تیز ہیں۔ ضلع بھوجپور کے آرہ کے رہائشی پون سنگھ نے حال ہی میں مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ اور راشٹریہ لوک مورچہ (آر ایل ایم) کے سربراہ اوپیندر کُشواہا سے ملاقات کی تھی۔ مانا جا رہا ہے کہ وہ بی جے پی کے ٹکٹ پر بھوجپور ضلع کی کسی نشست، خاص طور پر آرہ یا برہرا سے انتخاب لڑ سکتے ہیں۔
پون سنگھ نے 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں کاراکٹ سیٹ سے آزاد امیدوار کے طور پر قسمت آزمائی تھی، لیکن انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس نشست سے بائیں بازو (سی پی آئی-مالے) کے راجا رام کُشواہا نے کامیابی حاصل کی تھی۔ سال 2020 کے اسمبلی انتخابات میں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کو شہاباد علاقے (بھوجپور، بکسَر، روہتاس اور کیمور اضلاع) کی 22 نشستوں میں سے صرف دو پر کامیابی ملی تھی۔ اس بار بی جے پی یہاں اپنی گرفت مضبوط کرنے کی کوشش میں ہے۔
مشہور بھوجپوری گلوکارہ شِلپی راج نے حال ہی میں دہلی میں لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) کے سربراہ اور مرکزی وزیر چِراغ پاسوان سے ملاقات کی تھی۔ پارٹی نے اس ملاقات کی تصاویر “ایکس” پر شیئر کیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق، شلپی راج کو بھی اسمبلی انتخابات میں امیدوار بنایا جا سکتا ہے۔ البتہ اس سلسلے میں ان سے رابطہ کرنے کی کوشش ناکام رہی۔
حال ہی میں جن سوراج پارٹی میں شامل ہونے والے مشہور بھوجپوری گلوکار آلوک کمار نے  کہا کہ میں پارٹی میں اس لیے شامل ہوا کیونکہ مجھے پرشانت کشور جی پر بھروسہ ہے۔ انہوں نے سیاست کی تعریف بدل دی ہے۔ ان کے پاس بہار کے لیے ایک وژن ہے۔ تاہم، میں یہ واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ میں انتخاب لڑنے کے لیے پارٹی میں شامل نہیں ہوا ہوں۔ اگر پارٹی کہے گی تو میں غور کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ فنکاروں کو سیاست میں آنا چاہیے اور “اس میں کچھ بھی غلط نہیں ہے۔”
بھوجپوری اداکار اور بی جے پی کے رکنِ پارلیمان منوج تیواری نے  کہا کہ بھوجپوری ستارے قومی سیاست میں اچھا کر رہے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ اس بار بھی زیادہ لوک گلوکار جیت کر بہار اسمبلی میں پہنچیں گے کیمور ضلع کے اترَوالیا گاؤں کے رہائشی اور فی الحال دہلی سے بی جے پی کے رکنِ پارلیمان تیواری نے کہا کہ لوک گلوکار عوام سے گہرے طور پر جڑے ہوتے ہیں اور وہ ان کی نبض پہچانتے ہیں۔ وزیرِاعظم نریندر مودی جی کے نزدیک سیاست عوام کی خدمت کا ذریعہ ہے۔ اسی نظریے سے متاثر ہو کر لوک گلوکار بہار کی سیاست میں قدم رکھ رہے ہیں۔
فی الحال بہار اسمبلی میں صرف ایک بھوجپوری گلوکار وِنَے بِہاری ہیں، جو پَچھمی چمپارن ضلع کی لوریا اسمبلی سیٹ سے بی جے پی کے رکنِ اسمبلی ہیں۔ بہار اسمبلی انتخابات دو مرحلوں میں ہوں گے — پہلے مرحلے میں 6 نومبر اور دوسرے مرحلے میں 11 نومبر کو ووٹنگ ہوگی، جبکہ 14 نومبر کو ووٹوں کی گنتی کی جائے گی۔