.webp) 
                                 
پٹنہ: بہار اسمبلی انتخابات 2025 کے لیے حکمران اتحاد این ڈی اے نے اپنا انتخابی منشور (سنکلپ پتر) جاری کر دیا ہے۔ اس منشور کا طویل عرصے سے انتظار تھا، جس میں بی جے پی، جے ڈی یو اور دیگر اتحادی جماعتوں نے عوام سے کئی بڑے وعدے کیے ہیں۔ این ڈی اے نے وعدہ کیا ہے کہ اگر بہار میں دوبارہ ان کی حکومت بنی تو ایک کروڑ سے زیادہ سرکاری نوکریاں اور روزگار فراہم کیے جائیں گے۔
ہنر مردم شماری (Skill Census) کر کے ہنر پر مبنی روزگار دیا جائے گا اور ہر ضلع میں ’میگا اسکل سینٹر‘ قائم کیا جائے گا۔ این ڈی اے کا منصوبہ ہے کہ بہار کو ’میگا اسکلنگ سنٹر‘ کے طور پر ترقی دی جائے۔ منشور کے مطابق ’وزیراعلیٰ خواتین روزگار یوجنا‘ کے تحت خواتین کو دو لاکھ روپے تک کی مالی امداد دی جائے گی۔ اس کے علاوہ، ایک کروڑ خواتین کو ’لکپتی دیدی‘ بنانے کا وعدہ بھی کیا گیا ہے۔
این ڈی اے نے وعدہ کیا ہے کہ ہر منظور شدہ ضلع میں ایک میڈیکل کالج اور ایک عالمی معیار کی ’میڈیسٹی‘ قائم کی جائے گی۔ مقصد یہ ہے کہ بہار اب علاج کے لیے باہر جانے والا نہیں بلکہ دوسروں کو علاج دینے والا صوبہ بنے۔ منشور میں کہا گیا ہے کہ 50 لاکھ پکے مکان، مفت راشن، 125 یونٹ مفت بجلی، پانچ لاکھ روپے تک مفت علاج اور سماجی تحفظ پنشن فراہم کی جائے گی۔
منشور کے مطابق پٹنہ، دربھنگہ، پورنیہ اور بھاگلپور میں بین الاقوامی ہوائی اڈے بنائے جائیں گے۔ ان کے ساتھ میٹرو جیسی جدید سہولتیں فراہم کی جائیں گی تاکہ صوبے میں کنیکٹیویٹی، سرمایہ کاری اور روزگار میں اضافہ ہو۔ منشور میں کہا گیا ہے کہ انتہائی پسماندہ طبقات کے مختلف پیشہ ور گروپوں کو 10 لاکھ روپے کی امداد دی جائے گی۔
ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جس کی سربراہی سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج کریں گے، تاکہ ان طبقات کی سماجی و اقتصادی حالت کا جائزہ لے کر بااختیار بنانے کے اقدامات تجویز کیے جائیں۔ این ڈی اے نے اعلان کیا ہے کہ ’کُرپوری ٹھاکر کسان سمان نِدھی‘ کے تحت ہر کسان کو سالانہ 9 ہزار روپے دیے جائیں گے (ہر چار ماہ بعد 3 ہزار روپے)۔ منشور میں کہا گیا ہے کہ ایک لاکھ کروڑ روپے زرعی بنیادی ڈھانچے میں لگائے جائیں گے اور تمام اہم فصلیں (چاول، گیہوں، دالیں، مکئی وغیرہ) ایم ایس پی پر خریدی جائیں گی۔
ہر ماہی گیر کو 500 روپے کا فائدہ دیا جائے گا۔ ’بہار فِشری مشن‘ سے پیداوار اور برآمدات دوگنی کی جائیں گی۔ ’بہار ملک مشن‘ کے تحت ہر بلاک میں چلنگ اور پراسیسنگ مراکز قائم کیے جائیں گے۔ این ڈی اے نے وعدہ کیا ہے کہ حکومت آنے پر 3600 کلومیٹر ریل ٹریک کو جدید بنایا جائے گا، سات نئے ایکسپریس وے بنائے جائیں گے، ’امرت بھارت ایکسپریس وے‘ اور ’نامو ریپیڈ ریل سروس‘ کو وسعت دی جائے گی، اور چار نئے شہروں میں میٹرو شروع کی جائے گی۔
 
                            